گلستان جوہر میں آتشزدگی، درجن سے زائد جھگیاں جل گئیں

37

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلستان جو ہر میں خالی پلاٹ پر قائم جھگیوں میں آگ لگنے سے ایک درجن سے زائد جھگیاں جل گئیں جبکہ شاہ فیصل کالونی میں چھت اور ناظم آباد پل سے پراسرار طور پر گر کر 2 افراد جاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق گلستا ن جو ہر کے علاقے منور چورنگی سے متصل خالی پلاٹ پر قائم جھگیوں میں جمعہ کی سہ پہر اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کی اطلاع پر علاقہ مکین نے موقع پر پہنچ کر تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا اور پولیس کے ساتھ فائر بریگیڈ کو بھی واقعے کی اطلاع کردی ،ترجمان نے بتایا کہ آگ کی اطلاع پر 2گاڑیاں بھیجی گئی تھیں جنہوں نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا اور تاہم اس وقت تک درجن سے زائد جھگیاں جل چکی تھیں ،آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ادھرشاہ فیصل کالونی کے علاقے ناتھا خان گوٹھ شارع فیصل پر واقع رہائشی عمارت کی چھت پر کام کے دوران پراسرار طور پر ایک شخص سڑک پر گر گیا جس کو تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اس نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے دم توڑ دیا ،پولیس نے بتایا کہ اسپتال میں متوفی کی شناخت 30سالہ عدنان کے نام سے کی گئی اور ورثا بغیر کارروائی کے لاش اپنے ہمراہ لے گئے ،ناظم آباد کے علاقے انکوائری آفس کے قریب پل سے اتفاقیہ طور پر گر کر ایک شخص موقع پر جاں بحق ہو گیا جس کی لاش عباسی اسپتال لائی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ متوفی کی عمر 50سال کے قریب ہے اور شناخت نہیں کی جاسکی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.