مجاہد کامران سمیت 6رجسٹرار 10روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

119

لاہور /اسلام آباد (نمائندہ جسارت+اے پی پی) لاہور کی احتساب عدالت نے پنجاب یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر مجاہد کامران سمیت 6 رجسٹراروں کو 10روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ہے۔ نیب نے مجاہد کامران سمیت یونیورسٹی کے 6 رجسٹراروں کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا اور عدالت سے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ استدعا کی۔ ملزمان کو احتساب لاہور کی عدالت نے پیش کیے جانے کے موقع پر پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ اور وکلا کی کثیر تعداد موجود تھی۔ جنہوں نے مجاہد کامران اور رجسٹراروں کے خلاف چور اور ڈاکوؤں کے نعرے لگائے۔ ملزمان کے وکلانے ہتھکڑیاں لگائے جانے پر نکتہ اعتراض اٹھایا اور عدالت سے ہتھکڑیاں کھولنے کی استدعا کی۔ ملزمان کے وکلا کا کہنا تھا کہ نیب مجاہد کامران سے کیا برآمد کرنا چاہتا ہے جو ان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ مانگ رہا ہے جبکہ مجاہد کامران کا کہنا تھا کہ انہوں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا اس لیے انہیں کوئی فکر نہیں جبکہ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ مجاہد کامران نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے نہ صرف پنجاب یونیورسٹی میں 550 غیر قانونی بھرتیاں کیں بلکہ فنڈ تقسیم کیے۔ مجاہد کامران کے ساتھ گرفتار 6رجسٹرار ڈاکٹر لیاقت، امین ظہیر، مسعود رائس، جہانزیب اور جہانزیب عالمگیر شامل ہیں۔ علاوہ ازیں سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ آصف ہاشمی کے کیس کی سماعت احتساب عدالت نمبر 1 جج چودھری منیر احمد نے کرتے ہوئے مزید 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی جبکہ آصف ہاشمی کو دوبارہ 26 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے آصف ہاشمی پر الزام عاید کیا گیا ہے کہ سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کی ملی بھگت سے میسرز ہائی لنک میں 1870 ملین کی غیر قانونی انویسٹمنٹ کی گئی۔دوسری جانب احتساب عدالت نے ریلوے گالف کلب اراضی اسکینڈل کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اشرف قاضی،لیفٹیننٹ جنرل (ر)سعید ظفر، میجر جنرل (ر)حامد حسن بٹ اور سابق جنرل منیجر ریلوے عدالت میں پیش ہوئے تاہم بیرون ملک مقیم 3 ملزمان پیش نہیں ہوئے۔ سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹرنے عدالت سے مزید وقت لینے کی استدعا کی ۔ عدالت نے نیب کو ملزمان کی حاضری سے متعلق تفصیلات عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کر تے ہوئے سماعت 12نومبر تک ملتوی کر دی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ