اہم خبریں

107

عمران خان کی اہلیت کیخلاف نظرثانی درخواست سماعت کیلیے مقرر
اسلام آباد (نمائندہ جسارت ) عدالت عظمیٰ میں حنیف عباسی کی وزیراعظم عمران خان کے خلاف درخواست18 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقررکردی گئی ہے۔ چیف جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں3 رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔ عدالت نے حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کردیے۔ واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نااہلی کیس میں صادق اور امین قرار دیا تھا جس پر حنیف عباسی نے نظر ثانی اپیل کی درخواست دائر کی ہے۔

لاہور‘سینٹرل جیل میں قید بھارتی جاسوس چل بسا
لاہور (نمائندہ جسارت) سینٹرل جیل میں قید بھارتی جاسوس چل بسا۔ جس کی لاش جناح اسپتال کے سرد خانے میں بھجوا دی گئی ہے۔ بھارتی جاسوس کرشن ساگر کی موت طبعی بتائی گئی ہے۔ کرشن ساگر کو12 سال قبل بھارت کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ جسے ٹرائل کے دوران سفارتی رسائی بھی فراہم کی گئی لیکن بھارتی حکام نے کرشن ساگر کی شناخت سے انکار کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی جاسوس کو 6 جون 2015ء میں کیمپ جیل لاہور میں منتقل کیا گیا تھا۔

الیکشن ٹربیونل نے سلمان نعیم کو نااہل قراردینے کافیصلہ کالعدم قراردیدیا
ملتان (اے پی پی) ہائی کورٹ ملتان بینچ نے الیکشن ٹربیونل نے پی پی217 سے منتخب پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی اور وزیراعلی پنجاب کے مشیر سلمان نعیم کو نا اہل قرار دینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے حکم امتناع جاری کر دیا، جسٹس شاہد کریم پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو6 نومبر کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

ایوان صدر کے دروازے عوام کے لیے کھول دیے گئے
اسلام آباد (اے پی پی) ایوان صدر کے دروازے عوام اور طلبا کے لیے کھول دیے گئے۔ بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے طلبا کے گروپ نے گزشتہ روز ایوان صدر کا دورہ کیا اور صدر عارف علوی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدرنے طالب علموں کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا مستقبل ہیں، طلبا اپنی تعلیم پر مکمل توجہ دیں تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

سراج الحق کی نوازشریف سے ملاقات کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت
لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے وفد کے ساتھ سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے جاتی امرا میں ملاقات کی اور ان کی اہلیہ مرحومہ کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت اور مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی ۔ وفد میں امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے امیر العظیم ، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد ، مرکزی رہنما حافظ سلمان بٹ اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف شامل تھے ۔

مقبوضہ کشمیر کے سنگین حالات کے باوجود کشمیر کمیٹی تشکیل نہ پا سکی
اسلام آباد (صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر کے سنگین حالات کے باوجود تاحال پارلیمنٹ کی خصوصی کشمیر کمیٹی تشکیل نہ پا سکی مجالس قائمہ کے معاملات پر حکومت اپوزیشن کے اختلافات کی زدمیں کشمیرکمیٹی بھی آگئی، نئی قومی اسمبلی کو قائم ہوئے 2ماہ سے زایدکا وقت گزرنے کے باوجود پارلیمانی خصوصی کشمیر کمیٹی کے قیام میں پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ