ترکی:دہشت گردی کے الزام میں قید امریکی پادری رہا،بیرون ملک سفر پر پابندی ختم

152

ترک عدالت نے 2 برس سے زیر حراست امریکی پادری اینڈریو برنسن کی رہائی اور بیرون ملک سفری پابندی ختم کرنے کا حکم جاری کردیا۔

بین الاقووامی میڈیا کے مطابق ترکی کی عدالت نے 2 برس سے زیر حراست امریکی پادری اینڈریو برنسن کو آزاد کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے پادری اینڈریو برنسن کو جیل میں اچھے برتا ؤکی بنیاد پر رہا کیا جبکہ ان پر بیرون ملک سفر پر عائد پابندی بھی ختم کردی جس کے بعد اب وہ امریکا روانہ ہو سکتے ہیں۔ امریکی پادری اینڈریو برنسن 2 دہائیوں سے ترکی میں مقیم تھے۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2016 میں امریکی پادری اینڈریو برنسن کو دہشت گردی کے الزام میں 3 برس قید کی سزا ہوئی تھی اور رواں سال اگست میں انہیں ایک گھر میں منتقل کرکے نظر بند کردیا گیا تھا جس کے بعد امریکا اور ترکی کے مابین کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔انقرہ کے اقدام پر واشنگٹن نے 2 ترک وزرا پر پابندی لگادی تھی جس پر ردعمل دیتے ہوئے ترک صدر نے بھی جوابی اقدام کا عندیہ دیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک عدالت کے فیصلے سے ترکی اور امریکا کے مابین تعلقات میں بہتری آسکتی ہے جو ترک معیشت کے لیے ضروری ہے۔ اینڈریو برنسن کے وکیل نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ بہت جلد امریکا کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔اینڈریو برنسن نے عدالتی فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے اہل خانہ اس دن کے لیے دعاگو تھے اور اب وہ باخوشی امریکا جائیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ