مقبوضہ کشمیر،بھارتی مظالم پر کھلا خط لکھنے والے پروفیسر سمیت 2 شہید،وادی میں مظاہرے

124

سرینگر (اے پی پی)مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع کپواڑہ کے علاقے ہندواڑہ میں بھارتی مظالم پر کھلا خط لکھنے والے پی ایچ ڈی اسکالر ڈاکٹر منان وانی اورایک اور نوجوان عاشق حسین زرگر کو شہید کردیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوج اور اسپیشل آپریشنز گروپ کے اہلکاروں نے ڈاکٹرمنان وانی اورعاشق حسین زرگر کوضلع میں ہندواڑہ کے علاقے شٹ گنڈ میں تلاشی اور محاصرے کی ایک مشترکہ کارروائی میں شہید کیا ۔شہادتوں کے بعد ہندواڑہ اور ضلع کے دیگر علاقوں میں زبردست بھارت مخالف مظاہرے شروع ہو گئے ۔ بھارتی فوج کی جانب سے مظاہرین پر گولیوں ، پیلٹ گنز اور آنسو گیس کے بے دریغ استعمال سے متعدد نوجوان زخمی ہو گئے ۔قا بض انتظامیہ نے شمالی کشمیر کے علاقوں کپواڑہ، بانڈی پورہ ، پٹن اور بارہمولہ اور جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں نوجوانوں کی شہادت کے فورابعد موبائل فون ،انٹرنیٹ سروس معطل اور تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے ۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایپلائیڈ جیولوجی میں پی ایچ ڈی 26سالہ ریسرچ اسکالر ڈاکٹر منان وانی رواں سال 16جولائی کواس منظر عام پر آئے جب انہوں نے ایک کھلے خط کے ذریعے جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کو چیلنج کیا ۔ انہوں نے انڈین کونسل آف ایجوکیشن ریسرچ اینڈٹریننگ کی درسی کتاب کا حوالہ دیتے ہوئے ثابت کیاتھا کہ بھارت ایک دہشت گرد ملک ہے کیونکہ کتاب میں اپنے مطالبات منوانے کے لیے شہریوں پرطاقت کے وحشیانہ استعمال کرنے والے ہی کو دہشت گردقراردیاگیا تھا اور بھارت کشمیر میں یہی کچھ کر رہا ہے ۔ ادھر مشترکہ حریت قیاد ت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہادتوں پر آج مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے ۔دوسری جانب بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں رواں برس 21ستمبر کو ضلع بانڈی پورہ میں شہید ہونے والے نوجوانو ں کے اہلخانہ نے اپنے پیاروں کی میتوں کی واپسی کے حق میں پریس انکلیو سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بانڈی پورہ کی ایک عدالت نے اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی کے عدالتی ریمانڈ میں رواں ماہ کی 24تاریخ تک توسیع کر دی۔ دریں اثنا بھارتی ایجنٹوں نے شوپیاں میں ایک حریت کارکن طارق احمد کو شہید کر دیا۔ مجاہدین کے ایک گروپ نے شوپیاں کے علاقے میمنڈر میں شہید کارکن کی نماز جنازہ کے موقع پر نمودار ہو کر ہوائی فائرنگ کر کے انہیں سلامی دی ۔ ضلع پلوامہ کے علاقے کریم آباد میں ایک حملے میں ایک اسپیشل پولیس افسر زخمی ہو گیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سید محمد عبداللہ گیلانی کو پاکستان اور آزاد کشمیر میں اپنا نمائندہ مقرر کر دیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.