قومی خزانہ لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں‘میاں اسلم

47

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی و سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ برطانیہ اور امارات میں 10ہزار جائدادوں کے انکشاف نے پو ری قوم کو ورطہ حیر ت میں ڈال دیا ہے، قومی خزانہ لوٹ کرباہرجائداد بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ایسی جائدادکو ضبط کرلیناچاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبلک سیکرٹریٹ میں شہریوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ان کا کہنا تھا کہ دولت کی غیر منصفانہ تقسیم کے باعث ملک میں امیر پہلے سے زیادہ امیر اور غریب پہلے سے زیادہ
غریب ہورہا ہے۔عوام کا معیار زندگی اس وقت تک بلند نہیں ہوسکتا جب تک کرپشن کا مکمل قلع قمع اور کرپٹ افراد کو اہم عہدوں سے ہٹانہیں دیاجاتا۔میاں اسلم نے کہاکہ وزیر خزانہ کا آئی ایم ایف سے قرض کے حصول کے لیے مذاکرات کی نوید سنانا اس بات کاثبوت ہے کہ تحریک انصاف نے انتخابات سے قبل جو وعدے کیے تھے وہ زمینی حقائق سے مختلف ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں۔پی ٹی آئی کے اقتدار میں آتے ہی ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔حکومت عوام کی مشکلات کم کرنے کے بجائے ان میں مسلسل اضافے کا سبب بنی ہوئی ہے ۔ وفاقی کابینہ میں دن بدن اضافہ لمحہ فکر ہے، جس ملک کی نصف آبادی پہلے ہی سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہو اور قومی خزانہ خالی ہونے کا حکومت واویلابھی کرتی ہو،ایسے میں وزرا کی فوج قومی خزانے پر بھاری بوجھ کے علاوہ کچھ نہیں۔سادگی اورکفایت شعاری محض بیانات تک ہی محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ سنجیدگی سے اس پر عمل درآمد بھی کیاجانا چاہیے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ