موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی مکمل ناکام ہوگئی، شیری رحمان

71

اسلام آباد (آن لائن) موجودہ حکومت خارجہ پالیسی میں یکسر ناکام ہوگئی، پاکستان دنیا میں اس وقت جس قدر تنہا ہے ماضی میں اس بدترین صورتحال کی مثال نہیں ملتی، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ نیویارک ناکام رہا، ایف اے ٹی ایف میں پاکستان مزید خطرے میں ہے، ہوسکتا ہے چین بھی ہمارا ساتھ نہ دے سکے، بھارت کی شاندار خارجہ پالیسی کا ہماری نالائق حکومت کے پاس کوئی توڑ نہیں۔ان خیالات کا اظہار سینیٹ میں پاکستان پیپلزپارٹی کی پارلیمانی لیڈر شیری رحمان نے ملک بھر سے آئے ہوئے سینئر صحافیوں سے خصوصی ملاقات کے موقع پر کیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ خارجہ پالیسی میں کامیابی تو دور کی بات جو دوست ہیں وہ بھی ناراض ہیں۔ چینی وزیر خارجہ کا جس طرح استقبال کیا گیا وہ حیران کن ہے۔ چین نے اس رویے کا برا منایا ہے۔ اس کے منفی اثرات ظاہر ہونے لگے ہیں۔ ایف اے ٹی ایف میں ہمیں چین کا سہارا تھا لیکن اب وہ بھی اس حکومت کے رویے کے باعث پیچھے ہٹ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب حالت یہ ہے کہ منت ترلوں کے باوجود سعودی عرب ادھار کا تیل دینے پر راضی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فی الفور اپنے رویے پر نظرثانی کرے۔ اب حکومت کا ہنی مون پیریڈ ختم ہوچکا ہے۔ سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور امریکا سے کولیشن سپورٹ پروگرام کی رقم کا تقاضا کرے۔ اس طرح معیشت کو بھی سہارا ملے گا اور امریکا سے تعلقات میں بھی بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک بھی خطرے میں ہے۔ان لوگوں نے قبل از وقت معاہدوں پر نظرثانی کی یا باتیں کرکے تمام سٹیک ہولڈرز کو پریشان کر دیا ہے۔ عمران خان حکومت اگر چاہتی ہے کہ اچھی حکومت کرے تو پارلیمنٹ میں موجود سیاسی قوتوں سے رویہ ٹھیک کرے۔ حکومتی وزراء جس طرح باتیں کر رہے ہیں وہ ناقابل برداشت اور غیرسیاسی رویہ ہے۔ اس موقع پر پی ایف یو جے کے صدر رانا محمد عظیم، چیئرمین ایپنک اکرام بخاری، سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے جی ایم جمال، پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر نعیم مصطفیٰ، کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر حسن عباس، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر شکیل احمد، جنرل سیکرٹری صدیق انظر، کلیم شمیم، راجا جاوید، آصف پرویز بٹ، محمد آصف بٹ اور دیگر صحافی عہدیداران نے سوالات کیے، جس کے شیری رحمان نے جوابات دیے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.