دہری شہریت کیس: فیصل واوڈا کو پیش ہونے کیلیے آخری مہلت

52

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ میں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی دہری شہریت پر نااہلی سے متعلق درخواست کا معاملہ، عدالت نے فیصل واوڈا کو پیش ہونے کی آخری مہلت دے دی۔ سندھ ہائی کورٹ میں فیصل واوڈا کے خلاف قادر خان مندوخیل کی درخواست کی سماعت ہوئی جہاں عدالت نے فیصل واوڈا کو پیش ہونے کی آخری مہلت دیتے ہوئے انہیں اسپیکر قومی اسمبلی کے ذریعے نوٹس بھجوانے کا حکم دیا، عدالت کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا کو وزارت برائے آبی وسائل کے ذریعے بھی
نوٹس بھیجا جائے، عدالت نے تنبیہ کی کہ 13 نومبر تک فیصل واوڈا پیش نہ ہوئے تو دستیاب شواہد پر فیصلہ کر دیں گے۔ عدالت نے سماعت 13 نومبر تک ملتوی کردی۔ سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے استفسار کیا کہ فیصل واوڈا کہاں ہیں؟ عدالتی حکم پر کمرہ عدالت کے باہر فیصل واوڈا کی بلند آواز لگائی گئی لیکن وہ خود پیش ہوئے نہ ان کے وکیل۔ قادر خان مندوخیل نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا کہ 2 روز کے لیے قومی اسمبلی کی رکنیت معطل کر دیں تو یہ خود بخود پیش ہوجائیں گے۔ فیصل واوڈا کے خلاف امریکی شہری ہونے کے تمام شواہد موجود ہیں، فیصل واوڈا عدالتی نوٹس تک موصول نہیں کر رہے، انہوں نے وزارت کو حکم دیا ہے کہ کوئی بھی نوٹس وصول ہی نہ کیا جائے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ