مصر اور آذر بائیجان سے تعلقات میں مزید استحکام چاہتے ہیں، صدر مملکت

39

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے مصر اور آذر بائیجان کے سفیروں کی ملاقات، دونوں سفیروں نے اپنے ممالک کے صدور کی جانب سے صدر مملکت کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پہنچائی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان مصر اور آذربائیجان کے ساتھ اپنے قریبی برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ممالک کے مابین سیاسی، اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش رکھتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مصر کے سفیر احمد فضل یعقوب نے جمعرات کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی اور مصر کے صدر عبدالفتح السیسی کی طرف سے ڈاکٹر عارف علوی کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد
پہنچائی۔ صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ مصر کے سفیر دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرتے رہیں گے۔ علاوہ ازیں پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر علی فکرت اولو علی زادہ نے بھی صدر مملکت سے ملاقات کی۔ سفیر نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی طرف سے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد کا خط پہنچایا۔ صدر نے اس بات پر زور دیا کہ اقتصادی روابط کو تقویت دینے کے لیے باہمی تجارت میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔ امید ہے کہ علی فکرت اولو باہمی تعلقات کے فروغ کیلیے فعال کردار ادا کرتے رہیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ