اسٹاک مارکیٹ میں دوبارہ مندی،انڈیکس 300 پوائنٹس گھٹ گیا 

42
پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی گرافک پوزیشن چارٹ میں ظاہر کی گئی ہے، 100 انڈیکس میں 393.79 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی
پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی گرافک پوزیشن چارٹ میں ظاہر کی گئی ہے، 100 انڈیکس میں 393.79 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک مارکیٹ ایک روزہ تیزی کے بعد دوبارہ مندی کی لپیٹ میں آ گئی ،کے ایس ای100انڈیکس300پوائنٹس گھٹ گیا جس سے انڈیکس 38700پوائنٹس سے کم ہو کر 38300پوائنٹس کی سطح پر آگیا جبکہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو46ارب روپے کا خسارہ ہوا جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 79کھرب روپے سے گھٹ کر 78کھرب روپے رہ گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ جمعرات کو ایک بار پھر مندی کی زد میں آ گئی مقامی انسٹی ٹیوشنز اور بروکریج ہاؤسز کی جانب سے منافع کی خاطر فروخت کے دباؤ کی وجہ سے مارکیٹ تنزلی کا شکار رہی اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 38700،38600، 38500 اور 38400 پوائنٹس کی 4بالائی حد سے گرگیا ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق شرح سود میں اضافے سے متعلق امریکی صدڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد امریکا سمیت ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں پر مندی چھا گئی جس کا اثر پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ پر بھی دیکھا گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں 393.79 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس 38792.09 پوائنٹس سے کم ہو کر 38398.30 پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای30 انڈیکس 237.87پوائنٹس کی کمی سے 18767.36پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 28384.74 پوائنٹس سے کم ہو کر28218.02پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 46 ارب79 کروڑ28 لاکھ69ہزار816روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم79کھرب 33 ارب 6کروڑ21لاکھ 26ہزار770روپے سے کم ہو کر 78 کھرب 86 ارب 26کروڑ92لاکھ 56 ہزار 954 روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو 5ارب روپے مالیت کے 13 کروڑ 46 لاکھ 4ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ بدھ کو 7ارب روپے مالیت کے19کروڑ93لاکھ 22ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو 356کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 109کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 232میں کمی اور15کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے ٹی آر جی پاک لمیٹڈ 1 کروڑ20لاکھ ،کے الیکٹرک لمیٹڈ 1کروڑ ،میزان بینک85لاکھ 7ہزار ،یونٹی فوز لمیٹڈ 74لاکھ78ہزار اور اینگرو پولیمر 58لاکھ56ہزار حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ