محکمہ تعلیم سندھ کو 5ماہ بعد اساتذہ کی بھرتیوں کا خیال آگیا

39

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )محکمہ تعلیم سندھ کو 5ماہ بعد اساتذہ کی بھرتیوں کا خیال آگیا۔مارچ میں دیے گئے ارلی چائلڈ ہڈ اور جونیئر اسکول اساتذہ کی بھرتیوں کے ٹیسٹ 28اکتوبر اور 11نومبر کو ٹیسٹ لیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے ارلی چائلڈ ہڈاور جونیئراسکول ٹیچر (JST)اساتذہ کی بھرتیوں کے لیے آئی بی اے سکھر ٹیسٹ کے تحت مارچ میں اشتہار دیا تھا جس کی آخری تاریخ 20اپریل رکھی گئی تھی ۔5ماہ بعد محکمہ تعلیم سندھ نے آئی بی سکھر ٹیسٹ کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے 28 اکتوبر اور 11نومبر کو ٹیسٹ لینے کا شیڈول جاری کردیا۔ مجموعی طور پر 39488نوکری کے خواہشمند لوگوں نے فارم جمع کرائے جن میں کراچی سے 2309، حیدر آباد 8135، لاڑکانہ 9181، سکھر 9557 اور شہید بے نظیر آباد سے 6598 لوگوں نے اساتذہ کی اسامیوں کے لیے فارم جمع کرائے ہیں ۔ آئی بی اے سکھر ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان ایک ماہ کے اندر کردیا جائے گا۔ محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ ان اساتذہ کی تعیناتی موسم گرما کی چھٹیوں کے بعد ہی عمل میں آئے گی یا اِس سے بھی زیادہ وقت درکار ہو۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ