امریکی سرمایہ کار سی پیک منصوبے سے فائدہ اٹھائیں، گورنر 

39

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے امریکا کے سفیر پال جونز نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پرکراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل جواین ویگنر بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں پاک امریکا اقتصادی تعلقات ،صوبہ میں سماجی شعبہ کی ترقی میں امریکی تعاون، ملک کے معاشی حب میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کی موجودگی ،مختلف شعبوں میں مزید تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنرسندھ نے کہا کہ پاک امریکا اقتصادی تعاون میں مزید اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، اس ضمن میں دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کے وفود کا تبادلہ ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پاک چین اقتصادی تعاون کا بے مثال منصوبہ ہے، امریکی سرمایہ کار بھی اس میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ملاقات میں امریکی سفیر نے کہا کہ پاک امریکا اقتصادی تعاون میں اضافے کے لیے بھرپور کوشش کروں گا۔علاوہ ازیں گورنرسندھ عمران اسماعیل سے بحرین کے قونصل جنرل یاسر عیسیٰ عجلان الحیدی نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں بحرین کے قونصل جنرل نے کہا کہ کراچی سرمایہ کاری کے لیے آئیڈیل حیثیت کا حامل ہے بحرین کے سرمایہ کار یہاں کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ مزید برآں گورنرسندھ عمران اسماعیل سے صوبائی محتسب اسد اشرف ملک نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی موجودہ حکومت کا وژن ہے ، صوبائی محتسب صوبہ میں سرکاری عمال سے متعلق شکایات کے فوری ازالہ کے لیے اپنے دفاتر کو مزید فعال کریں تاکہ عوام کو انصاف کا حصول ممکن ہو سکے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ