ہیلمٹ کی خریداری کے لیے موٹرسائیکل سواروں کو ایک ہفتے کی مہلت

47

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس چیف نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے والے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہاہے کہ پہلے رونگ وے مہم شروع کی، اب ہیلمٹ اور لائسنس کی بھرپور مہم کا آغاز کریں گے، ہیلمٹ کی خریداری کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس چیف ایڈیشنل آئی جی کراچی ٹریفک قوانین بحال کرانے کے لیے ڈٹ گئے۔ ڈاکٹرامیرشیخ نے کہاہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے جیل جائیں گے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے وزیربلدیات سعیدغنی اورمیئرکراچی سے بھی تعاون مانگتے ہوئے کہاکہ ٹریفک کی روانی کے لیے تجاوزات کا خاتمہ کرنا ہوگا، آپریشن کیلیے میئر اور وزیربلدیات کو نفری ہم دیں گے، تجاوزات کے خاتمے کیلیے مقدمہ درج کرکے گرفتاریوں پر تیار ہیں۔پولیس چیف نے کہا کہ ابتدامیں اہم شاہراہوں پرموٹرسائیکلوں کیلیے الگ لین کاارادہ ہے، پہلے رونگ وے مہم شروع کی، اب ہیلمٹ اور لائسنس کی بھرپور مہم کا آغاز کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ون وے کی خلاف ورزی پرگرفتاری ہوگی، بغیرلائسنس گاڑی چلانے پرگاڑی ضبط ہوگی، کم عمرڈرائیورزکوگرفتاربلکہ کولڈڈرنک پلائیں گے اور گاڑی ضبط ہوگی۔ڈاکٹرامیرشیخ نے کہاکہ شہریوں کو ہیلمٹ کی خریداری کے لیے ایک ہفتے کا وقت اور لائسنس بنوانے کے لیے ایک ماہ کا وقت دیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میری ہیلمٹ کی دکانیں نہیں نہ کسی کا کنٹینردرآمد کرایا ہے، ہیلمٹ کی پابندی حفاظت کیلیے ہے ،منطق کے بجائے عمل کیا جائے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ