سندھ ہائیکورٹ‘ نثار مورائی کے خلاف درخواست ضمانت پرفیصلہ محفوظ

72

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ میں فشر مین کوآپریٹو سوسائٹی میں کروڑوں روپے کرپشن کا معاملہ،عدالت نے نثار مورائی، عبدالسعید، امجد اقبال کی میڈیکل گراؤنڈ پر درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ نیب کے وکلا کا کہنا تھا کہ نثار مورائی و دیگر کے خلاف ناقابل تردید شواہد موجود ہیں،میڈیکل گراؤنڈ پرعدالت عظمیٰ شرجیل میمن کی درخواست بھی مسترد کر چکی ہے،نثار مورائی کو جیل میں مکمل طبی سہولیات دی جا رہی ہیں۔رپورٹ کے مطابق نثار مورائی کو کوئی سنگین بیماری لاحق نہیں،ملزمان نثار مورائی، عبدالسعید، امجد اقبال کی درخواست ضمانت مسترد کی جائیں۔وکلا صفائی کا کہنا تھا کہ نیب اب تک ملزمان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکا،شرجیل میمن سے متعلق فیصلہ اس کیس سے مطابقت نہیں رکھتا،ضمانت ملزمان کا قانونی حق ہے۔ نیب کے وکلا کا کہنا تھا کہ نثار مورائی نے خلاف ضابطہ اور غیرقانونی بھرتیاں کیں،چیئرمین کے پاس تقرر کا اختیار ہی نہیں تھا،نثار مورائی نے غیرقانونی ٹھیکے دیے، ٹھیکوں کے لیے اشتہار دیا گیا نہ ہی بولی طلب کی گئی۔نیب پراسیکیوٹر نے نثار مورائی اور دیگر کے خلاف گواہوں کی فہرست بھی پیش کی ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ