پاکستان کے مفادات کا سودا نہیں کریں گے، وزیر مملکت داخلہ

51

اسلام آباد (اے پی پی)وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کے مفادات پر کوئی سودے بازی نہیں ہو گی، اس کی حفاطت کے لیے خون کا آخری قطرہ تک بہادیں گے، اسلام آباد پولیس کو مثالی پولیس بنایا جائے گا، پولیس کو درپیش تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر میں ادھر آیا ہوں، ہم اسلام آباد پولیس کو ایسی ماڈل پولیس بنانا چاہتے ہیں جس پر تمام ملکی ادارے فخر کریں، آپ کو ہر سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے پولیس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس ضمن میں پولیس ملازمین کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم ڈو مور نہیں سن سکتے، ہم اپنے اداروں کو مضبوط کریں گے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ اسلام آباد میں بھی کے پی کے کی طرز پر نیا پولیس ایکٹ لاگو کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہیدوں کی بیٹیاں، بیویاں، والدین اور نیشنل سیکورٹی ملازمین اور بہادر جوانوں کو ایسی عزت دیں گے کہ آئندہ نسلیں بھی اس پر فخر کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد نے پولیس ملازمین کے جو مسائل بیان کیے ہیں ان پر غور کیا جائے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پولیس تھانوں میں میرے اچانک دوروں کا مقصد صرف آپ کی دیکھ بھال ہے، والدین بھی اپنے بچوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.