ڈالرکی قیمت میں اضافہ ایف آئی اے کی ہنڈی کے خلاف مہم تیز

63

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے روپے کی قدر میں تاریخی کمی کا نوٹس لے لیا۔ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر حوالہ اورہنڈی سے زرمبادلہ کی بیرون ملک منتقلی روکنے کے لیے کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا ۔ذرائع ایف آئی اے کے مطابق چاروں صوبوں میں کریک ڈاؤن کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ،تفتیشی افسران پرمشتمل ٹیمیں آج رات سے ہی کارروائیاں شروع کریں گی۔ خیال رہے کہ روپے کی قدر غیر مستحکم ہونے سے اوپن مارکیٹ میں ایک ہی روز میں 9روپے 75پیسے اضافے کے ساتھ ڈالر 134.50روپے کا ہو گیا ،انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 133روپے 75پیسے میں فروخت ہوتا رہا۔ پیر کو انٹر بینک میں ڈالر 124روپے 25 پیسے کا تھا۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری پالیسی بیان میں کہا گیا کہ روپے کی قدر میں کمی کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی وجہ سے ہوئی ہے ، روپے کی قدر گرنے کی وجہ مبادلے کی مارکیٹ میں طلب و رسد کا فرق بھی ہے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، تیل کے مہنگا ہونے سے زرمبادلہ ذخائر دباؤ کا شکار ہیں۔مرکزی بینک کے اعلامیے کے مطابق روپے کی شرح مبادلہ میں کمی بیرونی کھاتوں میں عدم توازن دور کرے گی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ