محکمے دائرہ اختیار میں کام کریں تو فنڈکا ضیاع روکا جاسکتا ہے ‘جام کمال

30

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ اگرتمام محکمے اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے کام کریں تو نہ صرف فنڈز کے ضیاع کو روکا جاسکتا ہے بلکہ تعمیراتی منصوبے بھی بروقت مکمل ہوسکتے ہیں۔ ماضی میں محکموں کو حاصل مینڈیٹ سے تجاوز کرتے ہوئے انہیں ترقیاتی منصوبے بنانے کا کام سونپا گیا جس کے منفی اثرات مرتب ہوئے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ اربن پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ سے متعلق امور کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات سجاد احمد بھٹہ بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ محکمے کے سیکریٹری شیر خان بازئی کی جانب سے محکمانہ
امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے اب تک جتنے محکموں کی بریفنگ لی ہے انہیں ان میں منصوبہ بندی اور سنجیدگی کا فقدان نظر آیا ہے اور بعض ترقیاتی محکمے اپنی پالیسی اور مینڈیٹ سے تجاوز کرکے دیگر محکموں کا کام کرتے نظر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج تک کوئٹہ ماسٹر پلان کی تیاری کو بھی سنجیدگی سے نہیں لیا گیا جس کی وجہ سے صوبائی دارالحکومت گوناگوں مسائل کا شکار ہے جبکہ ڈویژنل ہیڈکوارٹروں کے ماسٹر پلان بھی کمزور بنیادوں پر تیار کیے گئے اور ان کی تیاری پر فنڈز کا ضیاع ہوا۔دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت کی روشنی میں محکمہ صحت نے کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں جعلی ، غیرمستند اور غیرمعیاری ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے، محکمہ صحت کے ضلعی افسران کو جعلی ادویات کے خلاف کاروائی کی رپورٹ ہر ہفتہ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اکتوبرکے پہلے ہفتہ میں ڈرگ انسپکٹرز نے 42میڈیکل اسٹورز کا معائنہ کیا اور 15ادویات کا ٹیسٹ کیا گیا غیر لائسنس یافتہ 3 میڈیکل اسٹورز کو سیل کیا گیا جبکہ دو کیس کورٹ میں رجسٹر کئے گئے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.