دوستانہ کرکٹ سیریز‘سری لنکن آرمی نے پاک آرمی کو شکست دیدی

125

پشاور(جسار ت نیوز)پاکستان آرمی الیون اور سری لنکن آرمی الیون کے درمیان تین میچز کی کرکٹ سیریز کا آغاز ہوگیا۔زلمی فاؤنڈیشن اور ہائیر پاکستان کے اشتراک سے ہونیوالی سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں سری لنکا نے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مثالی دوستانہ تعلقات اور کھیلوں کے زریعے امن کو فروغ دینے کے لیے پاکستان آرمی الیون اور سری لنکن آرمی الیون کے درمیان پاکستان میں کرکٹ سیریز کا آغاز ہوگیا۔پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کے ساتھ ہائیر پاکستان کے اشتراک سے ہونیوالی کرکٹ سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں کھیلا گیا۔ پہلے میچ میں سری لنکا آرمی الیون نے کامیابی حاصل کی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا نے نو وکٹوں پر 207رنز بنائے۔ جینتھ چترونگا نے 47 اور سیکوگے پرسنا نے 47 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے طاہر خان نے تین اور عمیر خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستان آرمی الیون 136رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عمیر خان 44 اور حسیب الرحمان32رنز بناکر نمایاں رہے۔ پرسنا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس موقع پر بریگیڈئیر غلام جیلانی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ پاکستان آرمی اور سری لنکن آرمی کے درمیان دوسرامیچ بارہ اکتوبر کو میران شاہ میں کھیلا جائیگا ،۔ جبکہ دونوں ٹیمیں تیسرے میچ میں سترہ اکتوبر کو لاہور میں مدمقابل ہوگی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیریز کے انعقاد کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا فروغ ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ