عمران طاہر کی تباہ کن بولنگ ‘جنوبی افریقا نے زمبابوے کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دیدی

108

کیپ ٹاؤن (جسارت نیوز) ریسی وانڈر کی شاندار بلے بازی کے بعد عمران طاہر کی تباہ کن بولنگ کی بدولت جنوبی افریقا نے زمبابوے کو پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 34 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، زمبابوین ٹیم 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 17.2 اوورز میں 126 رنز پر ڈھیر ہو گئی، عمران طاہر کی تباہ کن بولنگ کے سامنے زمبابوے کی بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی، پیٹر مور کے سوا کوئی بھی کھلاڑی پروٹیز بولرز کا مقابلہ نہ کر سکا، مور نے 21 گیندوں پر 5 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 44 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، عمران نے 5 وکٹیں لیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ایسٹ لندن میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 160 رنز بنائے، ریسی وانڈر ڈوسن نے ڈیبیو میچ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 56 رنز بنا کر نمایاں رہے، ڈیوڈ ملر 39، کپتان فاف ڈوپلیسی 34، کوئنٹن ڈی کوک 5، کلوئٹ 2 اور جونکر 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پہلک وایو 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، کائل جروس نے 3، کرس موفو نے 2 اور ماووتا نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں زمبابوین ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 18ویں اوور میں 126 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، پیٹر مور کے سوا زمبابوے کا کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ