معاشرے میں قانون کی بالادستی نہ ہونے سے عدم توازن پیدا ہوتاہے

23

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ دو قومی نظریہ ہی پاکستان کے استحکام اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا ضامن ہے اور پاکستان کی بنیادلا الہ الاللہ محمد رسول اللہ ؐ ہے ،ملکی خوشحالی اور عوامی فلاح و بہود اسی بنیاد سے وابستہ ہے جس کے نفاذ کیلیے جماعت اسلامی میدان عمل میں ہے ۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے پی پی 160میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں ذمے داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی علاقہ جنوبی لاہور کے امرا جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم ، ضیا الدین انصاری ، امیر خالداحمد بٹ ، پی پی امیر احمد سلمان بلوچ ، سیکرٹری سیاسی کمیٹی چودھری محمود الاحداورمحمد الیاس ودیگر ذمے داران نے شرکت کی۔ذکر اللہ مجاہد کہا کہ پاکستان کا قیام کسی وقتی جوش یا جذباتی سوچ کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ اس کے پیچھے محسن کائنات حضرت محمد ﷺ کی رہنمائی میں قائم ہونے والی مدینہ منورہ کی اسلامی و فلاحی ریاست کا نمونہ اور سوچ کا ر فرماتھی جس میں ایک عام شہری کو بھی حاکم وقت کے برابر حقوق حاصل تھے ۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں قانون کی بالادستی نہ ہونے کی وجہ سے کرپشن ، غربت ، بے روزگاری ،جہالت ، اورعدم توازن پیدا ہوتا ہے اور احتساب کے بغیر قانون کی حکمرانی بے معنی ہو کر رہ جاتی ہے ۔ ہماری عوام کی اکثریت صرف اس لیے اپنے حقو ق سے محروم ہوتی جارہی ہے کہ انہیں اپنی ذمے داریوں اور حقوق کا ادراک نہیں اور اقتدار پر مسلط جاگیر دار ، وڈیرے اور سرمایہ دار سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عوام کو جہالت کی تاریکیوں کا اسیر اور قومیت ، لسانیت اور مسلکوں کے تعصبات ابھار کر تقسیم در تقسیم رکھنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ70برسوں سے اشرافیہ اور کرپٹ حکمرانوں نے تعصبات و لسانیت کو فروغ دیا ہے اور آج تکمیل پاکستان کیلیے قوم کو جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہو گا۔ جماعت اسلامی لاہور آئندہ بلدیاتی الیکشن میں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی جس کی تیاری کیلیے کارکنان عوامی رابط مہم تیز کریں اور کمر بستہ ہو جائیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ