کوہاٹ، انتظامیہ کا کریانہ،سبزی ، پھل فروشوں اور بیکنگ یونٹس پر چھاپے

42

پشاور (پانا نیوز) ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نے مختلف بازاروں میں کریانہ مرچنٹس، کباب، سبزی اور پھل فروشوں اور کئی بیکنگ یونٹس پر چھاپوں کے علاوہ یونیورسٹی روڈ پر اینٹی انکروچمنٹ ڈرائیو کے دوران کارروائی میں متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے پرکئی افراد کیخلاف مقدمات درج کردیے اور بعض کو موقع پر جرمانہ بھی کردیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ عباس خان آفریدی نے ڈپٹی کمشنر خالد الیاس کی ہدایت پر یونیورسٹی روڈ پر پی اے ایف بیس کے نزدیک اینٹی انکروچمنٹ ڈرائیو کے دوران تجاوزات ہٹانے کے علاوہ 11 افراد کو موقع پر جرمانہ بھی کردیا۔ اسی طرح پھلوں اور سبزیوں کے دکانوں پر چھاپے کے دوران سرکاری نرخنامہ سے زائد قیمتیں وصول کرنے پر انہوں نے 5 دکانداروں پر جرمانہ عائد کردیا۔ عباس آفریدی نے مختلف بیکریوں کے بیکنگ یونٹس کو بھی دورہ کیا۔ انہوں نے صفائی کی ناقص صورتحال اور غیر معیاری اشیاء تیار کرنے پر ان کے کیس حلال فوڈ اتھارٹی کو ارسال کردیے۔ انہوں نے بروز ناغہ کباب فروخت کرنے پر بھی کئی کباب فروشوں کو جرمانہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے 15 دکانوں کے گرین لائسنس بھی چیک کیے، تاہم ان سب کو اپ ڈیٹ پایا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے تمام دکانداروں کو متنبہ کیا کہ وہ مہنگائی اور بلیک مارکیٹنگ سے گریز کریں اور عوام کو اشیائے خورونوش کی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنائیں، بصورت دیگر سخت کارروائی کے لیے تیار ہوجائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے چھاپوں کا یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.