جڑانوالہ ، جرائم پیشہ افراد کیخلاف پولیس کاآپریشن،اشتہاری ملزمان گرفتار

49

جڑانوالہ، صادق آباد (آئی این پی) پولیس کا گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جرائم پیشہ افراد کیخلاف کریک ڈاؤن، 3 عدد پستول، 1.300 گرام چرس اور 141 لیٹر شراب برآمد، 2 اشتہاری مجرمان گرفتار۔ بدھ کو سی پی او فیصل آباد اشفاق احمد خان کی ہدایت پر پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف بھر پور کارروائی جاری رکھتے ہوئے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے جاری مہم کے دوران سنگین مقدمات میں مطلوب 2 مجرمان اشتہاریوں کو گرفتار کیا، ناجائز اسلحہ کیخلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے پولیس نے 3 عدد پستول قبضہ میں لے کر مقدمات کا اندراج کیا۔ منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 1.300 گرام چرس اور 141 لیٹر شراب برآمد کرلی۔ تھانہ ملت ٹاؤن پولیس نے مختلف جگہوں پر چھاپا مارکر ملزم اسامہ کو گرفتار کیا جس کے قبضہ سے 30 لیٹر شراب برآمد کرکے اس کیخلاف مقدمہ تھانہ ملت ٹاؤن میں درج کرلیا، تھانہ سمن آباد پولیس نے مختلف جگہوں پر چھاپے مارکر ملزم بابر عرف لاہوری کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے 1.300 گرام چرس برآمد کرکے اس کیخلاف مقدمہ تھانہ سمن آباد پر درج کرلیا گیا، تھانہ ملت ٹاؤن پولیس نے مختلف جگہوں پر چھاپے مارکر ملزم وقاص کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے 26 لیٹر شراب برآمد کرکے اس کیخلاف مقدمہ تھانہ ملت ٹاؤن میں درج کرلیا۔ سی پی او فیصل آباد نے ہدایت کی ہے کہ تفتیش کو میرٹ پر کرتے ہوئے چالان جلد ازجلد عدالت میں بھجوائے جائیں اور پولیس کو جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی تاکہ فیصل آباد کو کرائم فری سٹی بنایا جاسکے۔ صادق آباد پولیس تھانہ سٹی کی منشیات فروشوں کیخلاف بھرپور کارروائی، 2 کلو 700 گرام چرس، 109 لیٹر دیسی شراب برآمد کر کے بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے۔ بدھ کو ایس ایچ او تھانہ سٹی عرفان اکبر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی پی او رحیم یار خان اور ڈی ایس پی صادق آباد کی خصوصی ہدایت پر منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ہے۔ الطاف اے ایس آئی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ عدنان اشرف، زاہد اور ارشد دشتی کو رنگے ہاتھوں پکڑا، جن کے قبضے سے 28، 28 لیٹر شراب جبکہ عدنان اشرف سے 56 لیٹر شراب اسی طرح ارشد دشتی سے ڈیڑھ کلو چرس برآمد کی گئی ہے۔ ایس آئی اسلم نے کارروائی کرتے ہوئے مسماۃ (پ) کو ایک کلو چرس سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جبکہ مسمات (ش) کو دو کلو پوست، دوسو گرام چرس سمیت دھر لیا گیا ہے، ان تمام ملزمان کیخلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے انہیں حوالات میں بند کیا گیا ہے۔ ایس ایچ او سٹی عرفان اکبر نے بتایا کہ سماج دشمن عناصر کیخلاف مزید کارروائی کے دوران جواد، عارف اور سلیم سے ناجائز اسلحہ، پستول برآمد کر کے ملزمان کیخلاف الگ الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل ڈکیتی کی وارداتوں کو روکنے کے لیے پولیس کی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے گشت کے نظام کو موثر بنادیا گیا ہے، بہت جلد ڈکیتی و چوری و رہزنی کے مقدمات کے گینگز کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ