عمران خان نے پاکستان کو پچاس دنوں میں تباہی کی دہانے لاکھڑا کیا 

34

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حیدر آباد کے صدر صغیر احمد قریشی جنرل سیکرٹری علی محمد سہتو اطلاعات سیکرٹری احسان ابڑو نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی دھاندلی زدہ حکومت نے محض پچاس دن میں ملک کو گہری دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ آج ڈالر 138 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جو معاشی تباہی اور مہنگائی کے طوفان کا پیش خیمہ ہے۔ عمران خان اور ان کے نااہل اکابرین نے نیا پاکستان بنانے کے جعلی دعوے کرکے پرانے پاکستان کو بھی محض پچاس دنوں میں تباہی کی دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ خان صاحب بحیثیت وزیراعظم آج بھی اپنے مخالفین کیخلاف انتہائی اخلاق باختہ زبان استعمال کررہے ہیں۔ وہ اپنے مخالفین کو سوا مغلظات بکنے انہیں دھمکیاں دینے کے کوئی اور بات کرہی نہیں سکتے۔ ان کی حکومت نے اپنے پہلے دن سے ہی ملک کی معاشی، سیاسی، خارجی، صورتحال کی بہتری کے اقدامات کرنے کے بجائے اپنے مخالفین کیخلاف انتقامی کارروائیوں، ان سے سیاسی اختلافات کی بنیاد پر جھگڑے اور سیاسی افراتفری کی صورتحال کو پروان چڑھایا ہے۔ عمران خان اپوزیشن میں رہتے ہوئے جو بلند و بانگ دعوے کرتے تھے اور عوام کو کرپشن، مہنگائی، اداروں کی درستگی، ان کی سرکاری تسلط سے آزادی کے سہانے خواب دکھاتے تھے اقتدار میں آتے ہی اس کے بالکل الٹ کیا، آج صرف پچاس دنوں میں نیا پاکستان بنانے والے عمران خان ان کی جماعت ان کے حواس باختہ اکابرین کو، ان کی شان، اہلیت اور سیاسی بصیرت کی تعریف میں زمین و آسمان کے قلابے ملانے والے سیاسی پنڈت بھی کوسنے دینے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ