پولیس افسر کے گھروں میں قائم 2 جعلی فیکٹریوں پر چھاپا، 3 افراد گرفتار

52

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے ایک پولیس افسر کے 2گھروں میں قائم معروف برانڈز کے جعلی و مضر صحت تیل بنانے اور گٹکا و ماوا بنانے والی 2فیکٹریوں پر چھاپے مار کر بڑی مقدار میں مضرصحت کھانے کاتیل ، گٹکا ، مشینری اور دیگر خام مال برآمدکرلیا ، کر کے 3افراد کو گرفتار کر لیاتاہم دونوں فیکٹریوں کے مالکان فرار ہو گئے،دونوں فیکٹریاں شاہ لطیف تھانے کے انٹیلی جنس افسر اور سابق ایس ایچ او سب انسپکٹر راجا عباس کے گھر وں میں قائم تھیں جو2لاکھ روپے مہینہ کرایے کے علاوہ ایک لاکھ روپے ہفتہ بھتا وصول کر رہا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ضلع ملیر شیراز نذیر کے خصوصی ٹاسک پر سب ڈویژن پولیس آفیسر علی حسن شیخ کی نگرانی میں ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن گھنوار علی مہر نے پولیس پارٹی کے ہمراہ شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر 31۔Bمیں ایک بڑے پلاٹ پر بنی ہوئی جعلی کوکنگ آئل کی خفیہ فیکٹری پر کامیاب چھاپا مار کر فیکٹری میں موجود دو ملزمان لیموں خان خمیسو اور علی ولد میر محمد کو گرفتار کر لیا جبکہ فیکٹری مالک ظاہر شاہ فرار ہو گیا۔ پولیس نے فیکٹری سے 15ڈرم خام آئل ، تیار آئل کی پیکنگ کرنے والی مشین، مختلف مٹیریل برآمد کر لیا۔ جعلی کوکنگ آئل فیکٹری نامور برانڈ کی جعلی پیکنگ کر کے مضر صحت کوکنگ آئل شہر بھر میں سپلائی کر رہی تھی۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر632/2018جرم دفعہ 269/270/34درج کر کے تفتیش اور فیکٹری مالک ظاہر شاہ کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی۔ جبکہ دوسری کارروائی میں شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر 30/Dمیں مضر صحت گٹکا اور ماوا بنانے والی فیکٹری پر چھاپا مار کر ملزم شاہد حسین کو گرفتار کر کے فیکٹری سے 18مضر صحت گٹکا سے بھرے ہوئے بورے ، ایک سوزوکی ہائی روف، کیپٹن نامی ماوا کی 7200پڑیاں ، 4مشینیں اور دیگر سامان برآمد کر کے مقدمہ الزام نمبر 631/2018جرم دفعہ 269/270/34درج کر لیا۔ کارروائی کے دوران فیکٹری مالک گلزار اور اکرم عرف اکی فرار ہو گئے۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کرتے ہوئے فیکٹری سیل کر دی۔پولیس فرار ہونے والے فیکٹری مالک سمیت دیگر ملزمان کی گرفتار ی کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ