سرکاری اسکولوں کے کینٹین بند ڈائریکٹر اسکولز نے معاہدے منسوخ کردئے

44

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ڈائریکٹر اسکولز سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری کراچی نے شہر بھر کے سرکاری اسکولوں کی کینٹینوں کے معاہدے فوری طور پرمنسوخ کرتے ہوئے کینٹینوں کو بند کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اسکولز ایجوکیشن ایلیمنٹری ، سیکنڈری اور ہائر سکینڈری کراچی حامد کریم نے نوٹیفکیشن نمبر DSE/ES&HS/(16927-29)/2018 جاری کرتے ہوئے کراچی میں ایلیمنٹری ، سیکنڈری اور ہائر سکینڈری سرکاری اسکولوں کی کینٹین کے معاہدے منسوخ کرنے کے احکامات دیے ہیں، اس کے علاوہ ایسی کینٹین جو متعلقہ افسران پر مشتمل بورڈ ز کی اجازت کے بغیر چل رہی ہیں اُن کو فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت دے دی۔ محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق اسکولوں میں قائم کینٹین کے آرڈر خلاف ضابطہ اور غیر قانونی طریقہ سے دیے جارہے تھے اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کمیشن لے کر یا ماہانہ کمیشن پر کینٹین کا ٹھیکا دے رہے تھے جس پر ڈائریکٹر حامد کریم نے تمام کینٹین کے ٹھیکے منسوخ کردیے، بورڈ کے مطابق اور قواعد وضوابط میں رہتے ہوئے کینٹین کے ٹھیکے دیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے سندھ کے تمام اسکولوں میں غیر معیاری اشیا کی فروخت کا نوٹس لیتے ہوئے اِن پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ