چینی کمپنی کو ٹھیکا دیتے وقت ملازمین سے کیا گیا ودہ پورا ہوگا،سعید غنی

48

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ بلدیاتی ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے سندھ حکومت اور محکمہ بلدیات مکمل طور پر ان سے تعاون کرے گی۔ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے زیر انتظام جن 4 اضلاع میں چائنا کی کمپنی کو کنٹریکٹ دینے کے وقت ملازمین سے جو جو وعدے کیے گئے تھے، ان پر عمل درآمد کرایا جائے گا۔ ملازمین بھی ان اداروں کو اپنا ادارہ تصور کرتے ہوئے محنت اور لگن سے اپنا کام کریں اور اس شہر کو صاف اور ستھرا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ہمارے محنت کش اور ادارے کے ملازمین ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور انہیں اب مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میونسپل ورکرز ٹریڈیونینز الائنس کے صدر سید ذوالفقار شاہ کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں الائنس کے جنرل سیکرٹری ملک نواز، پرویز حبیب، گل اسلام، راجا عاصم شہزاد، علی نور، عارف بھٹی، فرانسیس جلال، امانت پیارا، صابر پرویز حبیب اور دیگر شامل تھے۔ الائنس کے صدر سید ذوالفقار شاہ نے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کو سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے حوالے سے ملازمین میں تحفظات اور درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سندھ سولڈ ویسٹ اور چائنا کی کمپنیوں کے معاملات میں سدھار لایا جائے تاکہ عوام کو صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک ماحول فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے صوبائی وزیر کو 14 نکاتی اپنا ایجنڈا بھی پیش کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے سید ذوالفقار شاہ اور ان کے ساتھ آئے ہوئے وفد کے دیگر ارکان کو یقین دہانی کرائی کہ جو معاہدہ ملازمین اور سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے مابین ہوا ہے اس پر مکمل عمل درآمد کرایا جائے گا اور کسی صورت ملازمین سے نا انصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ