سعودی عوام پاکستان کو اسلام کا قلعہ سمجھتے ہیں، عبیداللہ الحربی

31

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل سے سعودی عرب کے قونصل جنرل عبید اللہ ایم اے الحربی نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات ، سرمایہ کاری ، تجارت میں مزید اضافہ اور اہمیت کے حامل دیگرا مور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ پاک سعودی دوطرفہ تعلقات اسلامی اخوت و بھائی چارہ اور باہمی اعتماد پر قائم ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں ، پاکستانی عوام سعودی عرب کی خدمات کو قدر اور احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ،بالخصوص 2005 ء کے ہولناک زلزلے اور سیلاب کے موقع پر سعودی حکومت اور عوام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ، موجودہ حکومت سعودی عرب سے مزید قریبی روابط قائم کرنے کی خواہش مند ہے ،اس ضمن میں وزیر اعظم پاکستان کے حالیہ دورہ سعودی عرب جو کہ ان کا بیرون ملک کا پہلا دورہ تھا ، جس میں سعودی اعلیٰ حکام سے ملاقات اور نئے معاہدوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو ایک نئی جہت دی ، سی پیک منصوبوں میں سعودی عرب کی شمولیت سے دوطرفہ تعلقات میں مزید استحکام آئے گا۔ ملاقات میں سعودی قونصل جنرل نے کہا کہ سعودی عرب کے عوام پاکستان کو اسلام کا قلعہ سمجھتے ہیں اور اس کی خوشحالی کے خواہش مند بھی ہیں اس ضمن میں سعودی عرب پاکستان سے تعاون جاری رکھے گا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ