پاک فوج میں تقرر:لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر ڈی جی آئی ایس آئی مقرر

72

اسلام آباد (آن لائن) پاک فوج میں حال ہی میں تھری اسٹار عہدے پر ترقی پانے والے افسران کا اہم عہدوں پر تقرر کر دیا گیا ہے اور زیر اعظم عمران خان کی منظوری سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لیفیٹینیٹ جنرل عاصم منیر کو نیا ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کر دیا ہے وہ موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹینٹ جنرل نوید مختار کی جگہ لیں گے ۔لیفیٹینیٹ جنرل ندیم ذکی منج کور کمانڈر منگلا ہونگے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق شاہین مظہر اس وقت جی ایچ کیو میں وائس چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پر تعینات تھے جنہیں کور کمانڈر پشاور تعینات کیا گیا ہے، لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج کو کور کمانڈر منگلا لگایا گیا ہے وہ 2 سالہ مدت کے لیے ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس بھی رہ چکے ہیں۔ اسی طرح لیفٹیننٹ جنرل عبدالعزیز کو جی ایچ کیو میں ملٹری سیکرٹری تعینات کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے وہ آئی ایس آئی میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو نیا ڈی جی آئی ایس آئی لگایا گیا ہے۔ اس اہم تقرر سے پہلے وہ ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس تھے، جبکہ وہ کمانڈر فورس کمان ناردرن ایریاز بھی رہ چکے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل عدنان وائس چیف آف جنرل اسٹاف مقرر کیے گئے ہیں، ترقی سے پہلے بطور میجر جنرل بھی جی ایچ کیو میں وائس چیف آف جنرل اسٹاف کی ذمے داریاں ہی نبھا رہے تھے۔ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کو آئی جی آرمز تعینات کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے وہ آئی جی ایف سی خیبر پختونخوا تعینات تھے جہاں سے ان کی تھری اسٹار عہدے پر ترقی ہوئی۔ لیفٹیننٹ جنرل اظہر صالح عباسی کا نیا تقررچیف آف لاجسٹک اسٹاف کے عہدے پر کیا گیا ہے۔ رواں ماہ ڈی جی آئی ایس آئی، کور کمانڈر پشاور سمیت پاک فوج کے متعدد سینئر افسران کی مدت ملازمت مکمل ہو رہی ہے۔ تھری اسٹار جنرلز کی ریٹائرمنٹ کے پیش نظر خالی ہونے والے عہدوں پر نئی تعیناتیاں کی گئی ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ