غیرقانونی بھرتی کیس،متحدہ رہنماء بابرغوری کے پھر ناقابل ضمانت وارنٹ

162

کراچی (اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت نے کے پی ٹی میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس میں سابق وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم کے رہنما بابر غوری کے ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ تفتیشی افسر نیب نے مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے عدالت سے مہلت طلب کرلی۔ کراچی کی احتساب عدالت کے روبرو سابق وفاقی وزیر بابر غوری و دیگر کیخلاف کے پی ٹی میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق سماعت ہوئی۔ ایم کیو ایم رکن سندھ اسمبلی ملزم جاوید حنیف و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ جاوید حنیف کی جانب سے شوکت حیات ایڈووکیٹ نے وکالت نامہ جمع کرادیا۔ عدالت نے مفرور ملزم بابر غوری کے ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 18 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ نیب کے مطابق ریفرنس میں بابر غوری سمیت 8 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ دیگر ملزمان رؤف اختر فاروقی،ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی جاوید حنیف شامل ہیں۔ ملزمان پر 2012ء میں کے پی ٹی میں 940 غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ہے۔ ملزمان نے قومی خزانے کو 2 ارب 88 کروڑ 55 لاکھ 17 ہزار 859 روپے کا نقصان پہنچایا۔علاوہ ازیں احتساب عدالت میں سابق سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے پرسنل سیکرٹری سمیت 6 ملزمان کیخلاف ریفرنس کی سماعت 10 نومبر تک ملتوی کردی گئی، احتساب عدالت میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے پرسنل سیکرٹری سمیت دیگر 6 ملزمان کیخلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی، رمضان سولنگی و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت میں ملزم رمضان سولنگی کی جانب سے ریفرنس میں بریت کی درخواست دائر کی گئی جس پرعدالت نے درخواست پر نیب حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریفرنس کی مزید سماعت 10 اکتوبر تک ملتوی کردی ۔ عدالت نے ریفرنس کے مفرور ملزم سید گلاب کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے، مفرور ملزم عارف نے سندھ ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت کی منظوری کی رپورٹ جمع کرادی۔ ریفرنس میں سینئر ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ قمر الدین شیخ، سید گلاب، اقبال شاہ، محمد جاوید قمر اور رمضان سولنگی شامل ہیں۔ نیب کے مطابق ملزمان پر کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے، ملزمان نے قومی خزانے کو 76 کروڑ روپے سے زاید کا نقصان پہنچایا ،ملزم رمضان سولنگی کو گریڈ 11 سے 18 میں غیر قانونی ترقی دی گئی ،نیب کی جانب سے ملزم رمضان سولنگی کو سابق سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کا فرنٹ مین بتایا گیا تھا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ