ہمارے پہلے بجٹ میں تبدیلی نظر آنی چاہیے،وزیر اعلیٰ پنجاب

56

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت ایوان وزیراعلیٰ میں اجلاس ہوا، جس میں رواں مالی سال کے 8 ماہ کے بجٹ، ترقیاتی پروگرام اور وسائل بڑھانے کی تجاویز اورغیر ترقیاتی اخراجات کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکموں میں مالی نظم و ضبط کو یقینی بنا کر عوام کو مزید سہولتیں دیں گے،ہر سطح پر بچت، کفایت شعاری اور سادگی کو فروغ دیا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بجٹ میں کوئی ایسا اقدام نہ کیا جائے جس کا اثر عام آدمی پر پڑے، تبدیلی ہمارے پہلے بجٹ میں نظر آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پروگرام میں پسماندہ علاقوں کو ترجیح دیں گے۔جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی اورخوشحالی تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے ۔سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومتی سطح پر خرچے کم کرنے کے ساتھ ریونیو بڑھانا ہوگا ۔ صوبائی وزیر ہاشم جواں بخت نے کہا کہ حکومت کا پہلا بجٹ حقیقت پسندانہ اعداد و شمار کا عکاس ہوگا۔ سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزراء ہاشم جواں بخت، محسن لغاری، ملک انور، حافظ ممتاز احمد، عنصر مجید،محمد جہانزیب خان کھچی، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ