لا پتا افراد کا معاملہ جلد حل کرلیا جائے گا ،شیریں مزاری

57

اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیربرائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری سے چیئرمین ڈیفنس آف ہیومن رائٹس اینڈ پبلک سروس ٹرسٹ آمنہ مسعود جنجوعہ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی اور گمشدہ افراد سے متعلق مقدمات کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے وفد کو بتایا کہ ہم اس مسئلے پر کام کررہے ہیں مسئلے کو جلد منطقی انجام تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر شیریں مزاری سے پیر کو وائس چانسلر سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کراچی ڈاکٹر محمد علی شیخ نے ملاقات کی اور یونیورسٹی میں انسانی حقوق کے کورسز شروع کرنے کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وائس چانسلر نے وفاقی وزیر کو ادارے کی کارکردگی اور آئندہ منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ حکومت تعلیمی شعبے میں ترجیحی بنیادوں پر بہتری لانے کے لیے کوشاں ہے، نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم کی خدمت میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔علاوہ ازیں ڈاکٹر شیریں مزاری سے پنجاب کے صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم اگسٹائن نے ملاقات کی اور پنجاب میں انسانی حقوق کی صورتحال اور مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا، وفاقی وزیر نے انہیں انسانی حقوق سے متعلق مسائل کے حل کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ