امریکی وزیر خارجہ کا دورہ چین ،سخت جملوں کا تبادلہ 

189
بیجنگ: امریکی اور چینی وزرائے خارجہ مذاکرات کررہے ہیں‘ چھوٹی تصویر وانگ یی اور مائیک پومپیو کے بے تکلف انداز کی ہے
بیجنگ: امریکی اور چینی وزرائے خارجہ مذاکرات کررہے ہیں‘ چھوٹی تصویر وانگ یی اور مائیک پومپیو کے بے تکلف انداز کی ہے

بیجنگ ؍ پیانگ یانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو شمالی کوریا کے دورے کے بعد گزشتہ روز چین پہنچ گئے جہاں چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ملاقات کے بعد دونوں طرف سے سخت الفاظ کا تبادلہ کیا گیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مائیک پومپیو سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں وانگ یی نے کہا کہ امریکا حالیہ کچھ عرصے سے چین کے ساتھ تجارتی تناؤ میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ تائیوان کے معاملے پر امریکا کی طرف سے ایسے اقدامات کیے گئے ہیں، جو چینی حقوق کو متاثر کرتے ہیں اور چین کی داخلی اور خارجہ پالیسیوں پر بے بنیاد اعترضات کیے گئے۔ دوسری طرف پومپیو کا کہنا تھا کہ چینی وزیر خارجہ کی جانب سے جن معاملات کا ذکر کیا گیا ہے، ان پر بیجنگ حکومت کے اقدامات سے متعلق امریکا کو شدید تحفظات ہیں۔ قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن بین الاقوامی معاینہ کاروں کو شمالی کوریا کی جوہری اور میزائل تنصیبات میں داخلے کی اجازت دینے پر تیار ہیں۔ واضح رہے کہ پومپیو نے اتوار کے روز پیانگ یانگ کے مختصر دورے کے دوران کم جونگ اُن سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ معاینہ کاروں کی ٹیم میزائلوں کے انجن ٹیسٹ کرنے کی تنصیب اور جوہری تجربات کے مقام بونجی ری کا دورہ کرے گی۔ یہ دورہ فریقین کے مابین لاجسٹک امور پر اتفاق رائے ہونے کے فوری بعد کیا جائے گا۔ امریکی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ کم جونگ اُن کی طرف سے گزشتہ ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پیش کی گئی دوسری سربراہ ملاقات کی تجویز پر عمل کے سلسلے میں دونوں ممالک اتفاق رائے کے بہت قریب پہنچ گئے ہیں۔ اس سے قبل شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا تھا کہ کِم جونگ ان نے اتوار کے روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ ہونے والی بات چیت کو فائدے مند اور شان دار قرار دیا۔ اُدھر جنوبی کوریا میں صدارتی دفتر نے بتایا ہے کہ کم جونگ اور پومپیو جلد از جلد ممکنہ وقت میں شمالی کوریا کے سربراہ اور امریکی صدر کے درمیان ملاقات کے انتظامات پر متفق ہو گئے ہیں۔ کوریا کی مرکزی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کم جونگ نے مائیک پومپیو کے ساتھ مثبت انداز سے جزیرہ نما کوریا میں بدلتی صورت حال کا جائزہ لیا۔ اس دوران جوہری ہتھیاروں کی تلفی کا معاملہ حل کرنے اور دو طرفہ اہمیت کے امور کے حوالے سے تجاویز تفصیلی طور پر زیر بحث آئیں۔ اس سے قبل مائیک پومپیو نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ان کا پیانگ یانگ کا دورہ اور کِم جونگ سے ملاقات اچھی رہی ہے۔ ہم سنگاپور سربراہ اجلاس میں طے پانے والے سمجھوتوں پر مسلسل پیش رفت کر رہے ہیں۔ بعد ازاں پومپیو جنوبی کوریا پہنچے جہاں صدر مون جائے ان کے ساتھ ان کی ملاقات ہوئی۔
پومپیو ؍ چین

Print Friendly, PDF & Email
حصہ