جماعت اسلامی سندھ کا 9 ، 10 محرم کو ضلعی تربیت گاہیں منعقد کرنے کا اعلان

84

کراچی( اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی سندھ کے تحت 9 اور 10 محرم الحرام کو سندھ کے 9 اضلاع میں ضلعی تربیت گاہیں منعقد کرنے کا اعلان،جن سے مرکزی نائب امرا اسد اللہ بھٹو، راشد نسیم، جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ، صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، جنرل سیکرٹری ممتاز حسین سہتو، دیگر قائدین و علما کرام و دانشور خطاب کریں گے۔ صوبائی اعلامیہ کے مطابق 9 محرم الحرام کو حیدرآباد، ٹھٹھہ ، جام شورو، میرپور خاص جبکہ 10 محرم الحرام کو ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، سانگھڑ، نواب شاہ، اور ضلع مٹیاری میں اجتماعات منعقد ہوں گے۔ ایک روزہ ضلعی تربیت گاہ میں ضلع بھر کے ارکان کارکنان اور برادر تنظیمات کے رفقا شریک ہوں گے۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی نے قبا آڈیٹوریم میں منعقدہ ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن، مہنگائی، بجلی ،پانی بحران کے خاتمے سمیت عوام کو ریلیف دینے کے لیے پی ٹی آئی حکومت کو موقع ضرور ملنا چاہیے مگر عقیدہ ختم نبوت ، تحفظ ناموس رسالتؐ قانون، نظریہ پاکستان سمیت نظریاتی سرحدوں کے خلاف کوئی بھی سازش برداشت نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کرپشن اور ظلم و ناانصافیوں کے خلاف اوراسلامی اقدارکی حفاظت و اصلاح معاشرہ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ حکومت ملک سے غربت، مہنگائی و کرپشن کے خاتمے اور ریاست مدینہ بنانے کے قوم سے کیے گئے وعدے کو پورا کرے۔ اس موقع پر صوبائی نائب امرا حافظ نصراللہ عزیز، محمد حسین محنتی اور جنرل سیکرٹری ممتاز حسین سہتو بھی موجود تھے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ