قاسم آباد: اسٹیٹ ایجنٹس کی شکایت پر مختار کار کے دفتر میں کرپشن کا نوٹس

25

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے محکمہ ریونیو اور ریلیف مخدوم محبوب زمان نے حیدرآباد شہر کے تعلقہ قاسم آباد میں اسٹیٹ ایجنٹس کی جانب سے مختار کار قاسم آباد اور ان کے دفتر میں کرپشن کے خلاف احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری
محکمہ ریونیو کو حکم دیا کہ وہ معاملے کی فوری تحقیقات کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ اسٹیٹ ایجنٹس نے مختارکار قاسم آباد اور ان کے ماتحت عملے کی جانب سے دفتر میں کرپشن کا بازار گرم ہونے کا الزام لگایا اور بتایا کے جائز کاموں کے لیے بھی مختارکار قاسم آباد عوام کو درجنوں چکر لگواتے ہیں اور ہر کام کی جائز فیس کی بجائے سیکڑوں گنا اضافی رشوت وصول کرنے کا عمل زور و شور سے جاری ہے۔ 500 روپے والے سیل سرٹیفکیٹ کے لیے 10 سے 15 ہزار روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔ میڈیا پر خبر نشر ہوتے ہی صوبائی وزیر برائے محکمہ ریونیو اور ریلیف مخدوم محبوب زمان نے خبر پر ایکشن لیتے ہوئے اسٹیٹ ایجنٹس کے مسائل حل کرنے کے لیے متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ریونیو کے کسی دفتر میں عوام سے زیادتی اور کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی۔ نہ صرف قاسم آباد بلکہ پورے سندھ میں جہاں بھی محکمہ ریونیو کے ملازمین کے خلاف شکایات موصول ہوئیں ایسے ملازمین کو فوری طور پر معطل کر کے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ایسے ملازمین جو محکمہ کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں ان کا مستقبل ملازمت سے برطرفی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.