ضمنی انتخابات ‘ پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی امیدوار کی حمایت کردی

43

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی نے ضمنی انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمن کے بھائی مولانا عبیدالرحمن کو نظر انداز کرتے ہوئے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کی مکمل حمایت شروع کردی ۔ پارٹی رہنماؤں کو تحریک انصاف کے امیدوار کے ساتھ تعاون کی ہدایت کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے 2صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات ہورہے ہیں ۔ شہر کی صوبائی نشست رکن قومی اسمبلی علی امین گنڈا پورنے خالی کی ہے ۔ جبکہ کلاچی کی صوبائی نشست پرسردار اکرام اللہ خان گنڈا پور کے دہشت گردی کے واقعے میں
جاں بحق ہونے پر انتخاب نہ ہوسکا تھا ۔ اپوزیشن کی بڑی جماعت پاکستان پیپلزپارٹی نے انتخابات کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق ہونے والے امیدواروں کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان حلقوں میں ان خاندانوں کے افراد کے امیدوار ہونے پر حصہ نہ لینے پارٹی پالیسی وضع کی ہے ۔ اس ضمن میں کلاچی کے حلقے میں مرحوم سردار اکرام اللہ گنڈا پور کے صاحبزادے آغاز خان گنڈا پور کے مقابلے میں پیپلزپارٹی نے کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا اور تحریک انصاف کے امیدوار آغاز خان گنڈا پور کی مکمل حمایت کرتے ہوئے مقامی رہنماؤں کو دہشت گردی کا نشانہ بننے والے خاندان کے ساتھ انتخابی تعاون کی ہدایت کی گئی ہے ۔ اس حلقے میں پاکستان تحریک انصاف اور متحدہ مجلس عمل کے درمیان مقابلہ ہورہا ہے ۔ ایم ایم اے کی طرف سے اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے بھائی مولانا عبیدالرحمن امیدوار ہیں اور تنہا میدان میں ہیں دیگر اپوزیشن جماعتوں کا تعاون حاصل نہیں ہے ۔ اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان کے شہری حلقوں میں بھی اپوزیشن جماعتیں تقسیم ہیں اور آپس میں مقابلہ کررہی ہیں ۔ یاد رہے کہ متحدہ حزب اختلاف کے گزشتہ ماہ ہونے والے مشاورتی اجلاسوں میں اس بات کا عندیہ دیا گیا تھا کہ ضمنی انتخابات میں مشترکہ امیدوار کھڑے کیے جائیں گے جس کی پاسداری نہ کی گئی ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.