ڈپٹی کمشنر جامشورو کا دورہ ،شہر کی صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا

47

کوٹری(نمائندہ جسارت)ڈپٹی کمشنر جامشوروکا کوٹری ،جامشورو ودیگر علاقوں کاہنگامی دورہ ،محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا، صفائی ستھرائی سمیت حفاظتی اقدامات سخت کرنے کی ہدایت،امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جامشورو/ایڈ منسٹریٹر ٹاؤن کمیٹی جامشورو فرید الدین مصطفی نے گزشتہ روز کوٹری ،جامشورو سمیت مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کرتے ہوئے محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ایس ایس پی جامشورو سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈی سی جامشورو نے کوٹری اور جامشورو کی مرکزی امام بارگاہوں اور ماتمی جلوس کے روٹس کا جائزہ لیتے ہوئے منتظمین سے مسائل معلوم کیے اور فوری شکایت کے حل کیلیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی۔اس موقع پر انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جامشورو سمیت دیگر علاقوں میں عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائے گی ،صحت وصفائی اور امن وامان برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح میں شامل ہے جس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ ٹاؤن کمیٹی جامشورو کا اید منسٹریٹر کا چارج لینے کے بعد علاقے میں صحت وصفائی کا نظام بہتر بنایا جارہا ہے، جامشورو فلائی اوور برج سے تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا ہے جبکہ نکاسی آب کے نظام کو مربوط بنانے کیلیے کام جاری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مسائل سے متعلق شکایتی مرکز کو آگاہ کریں تاکہ بروقت ازالہ کیا جاسکے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ