محکمہ صحت میں کوئی سیاسی بھرتی ہوئی نہ ہوگی‘ڈاکٹرعذرافضل پیچوہو

42

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ ان کے محکمے میں کوئی سیاسی بھرتی ہوئی ہے نہ ہی ہوگی، محکمہ صحت میں اسامیاں خالی ہونا مناسب نہیں، تمام بھرتیاں میرٹ پر ہوئی ہیں اور ہوں گی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے لیے بھی ٹیسٹ ہوں گے، جس کا انتظام ڈاؤ یونیورسٹی کو دیا گیا ہے، ڈاؤ میڈیکل کالج آ کر پرانی یادیں تازہ ہوگئیں۔ یہ بات انہوں نے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔ ان کے ساتھ ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید قریشی، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زرناز واحد اور ہیڈآف فارنسک میڈیسن پروفیسر مکرم علی بھی موجود تھے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی جانب سے وزارتِ صحت کا قلم دان سنبھالنے کے بعد ڈاؤ یونیورسٹی کا یہ پہلا دورہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ 1979ء میں انہوں نے ڈی ایم سی سے ایم بی بی ایس کیا، اب کیمپس کی حالت بہتر ہے، اسے مزید بہتر بنایا اور جدید طبی تعلیم کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی اسکل لیب کی اپ گریڈیشن سمیت دیگر منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پولیو مہم ناکام نہیں کام یاب ہے، اس سال جنوری سے اب تک کوئی پولیو کا کیس سامنے نہیں آیا جب کہ بلوچستان اور کے پی کے میں5 کیسز سامنے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت میں کوئی سفارش نہیں چلے گی، تمام خالی اسامیاں میرٹ پر بھری جائیں گی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ