صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے‘ سعید غنی

103
کراچی : وزیر بلدیات سندھ سعید غنی پریس کلب میں پریس کانفرنس کر ر ہے ہیں
کراچی : وزیر بلدیات سندھ سعید غنی پریس کلب میں پریس کانفرنس کر ر ہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے‘ مالکان نہیں بلکہ صحافی برادری اپنی جانوں پر کھیل کر نیوز چینل اور اخبارات کو چلا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو کراچی پریس کلب میں گورننگ باڈی کے ارکان سے ملاقات اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر
احمد خان ملک، سیکرٹری مقصود یوسفی، نائب صدر منہاج الرب، جوائنٹ سیکرٹری نعمت خان، ارکان گورننگ باڈی سعید سربازی، شمس کریو، شازیہ حسن، کفیل الدین فیضان، نعیم سہوترا، ابوالحسن، ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈی جی محمد سہیل، ایل ڈی اے کے ڈی جی عبدالعزیز میمن اور دیگر بھی موجود تھے۔ قبل ازیں کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کے ارکان کے اجلاس میں صدر اور سیکرٹری کراچی پریس کلب نے صوبائی وزیر سعید غنی کو صحافیوں کو رہائشی اسکیموں میں ملنے والے پلاٹس میں درپیش مسائل بالخصوص ہاکس بے اسکیم میں ترقیاتی فنڈ، ایم ڈی اے کے تحت پلاٹوں کی قرعہ اندازی کے بعد تاحال اس میں کوئی پیش رفت نہ ہونے سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا‘ جس پر سعید غنی نے ان کو یقین دلایا کہ ان شاء اللہ ان کے یہ مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ صحافیوں کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا‘ چینل اور اخبارات کے مالکان کے بجائے ان اداروں کو صحافی برادری اپنی جانوں پر کھیل کر چلاتی ہے اور اس سے وہ کروڑوں روپے کما رہے ہیں اس لیے انہیں چاہیے کہ وہ صحافیوں کے حقوق کا تحفظ کریں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کراچی کی بڑی سیاسی جماعت نہیں بلکہ بنائی گئی ہے‘سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن ہم کراچی اور صوبے کے لیے مل جل کر کام کریں گے اور جلد ہی میں میئر کراچی اور تمام ڈی ایم سیز کے چیئرمینوں سے بھی ملاقات کروں گا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات کو کراچی پریس کلب کی جانب سے شیلڈ، اجرک اور پھولوں کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔
سعید غنی

Print Friendly, PDF & Email
حصہ