امریکا اور فلپائن میں سمندری طوفان سے 21 ہلاک

46

واشنگٹن ؍ منیلا (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں فلورنس اور فلپائن میں منگکھٹ نامی سمندری طوفانوں نے تباہی مچا دی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی ریاستوں کیرولائنا اور ورجینیا کے ساحلی علاقوں سے فلورنس طوفان ٹکرانے کے بعد تیزہواؤں اور شدید بارشوں نے تباہی پھیلا دی ہے۔ امدادی اور پولیس ذرائع کے مطابق مختلف مقامات پر ہلاک ہونے والوں کی تعداد 7 ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ سیکڑوں لوگوں کو سیلاب سے بچا کر محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے۔ گھروں میں پانی داخل ہو چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق طوفان مسلسل ساحلی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے جس کے نتیجے میں تیز ہواؤں اور بارشوں سے شاہراہیں ڈوب گئی ہیں اور دریا اپنے کناروں سے ابل پڑے ہیں۔ 17 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے اور لاکھوں مکانات بجلی سے محروم ہیں۔ دوسری جانب فلپائن میں منگکھٹ نامی طوفان لوزان جزیرے سے ٹکراگیا، جس کے نتیجے میں 14افراد ہلاک ہوگئے۔ رواں برس کا سب سے طاقتور طوفان فلپائن کی مشرق میں چین کی جانب بڑھ رہا ہے۔ طوفان کی زد میں آکر کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ شہری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں کے باعث مواصلاتی نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے۔ انتہائی شدید باد و باراں کے ساتھ زوردار جھکڑوں کی رفتار 250 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زائد ہے ۔ طوفان سے کئی شہروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور 40لاکھ افراد متاثر ہوئے۔خبررساں اداروں کے مطابق 150 سے زائد فلائٹیں منسوخ کردی گئیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کی شدت میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے ، جس کے بعد ماہرین نے اسے چوتھے درجے میں شمار کیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.