قائدؒ اوراقبال ؒ کے تصور کے مطابق اسلامی پاکستان ہمارا ہدف ہے

19

لاہور (نمائندہ جسارت) ملی مسلم لیگ لاہور کے کنوینر میاں افضل اکرم نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کو اسلام کا پاکستان بنائیں گے۔ قائدؒ اوراقبال ؒ کے تصور کے مطابق اسلامی پاکستان ہمارا ہدف ہے۔ وطن عزیز کی نظریاتی اساس کا تحفظ ملی مسلم لیگ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ہم جلد وارڈ کی سطح پر تنظیم سازی کریں گے۔ وہ مزنگ میں کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مفادات کی سیاست نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ سیاستدانوں کے رویوں کے باعث عوام الناس سیاست کو برا سمجھتے ہیں ۔ اس تاثر کو صرف اور صرف خدمت کی سیاست سے ہی دور کیا جاسکتا ہے۔ ملی مسلم لیگ ذاتی مفاد نہیں بلکہ ملک و ملت کے مفاد کے لیے بنائی گئی ہے۔ میاں افضل اکرم نے کہا کہ نبوی سیاست ہمارا معیار جبکہ خدمت انسانیت اور مضبوط پاکستان ہماری سیاست کا مقصد ہے۔ہم بحثیت قوم دشمنوں کے براہ راست نشانے پر ہیں۔ وطن عزیز کے داخلی و خارجی مسائل کا حل نظریہ پاکستان میں ہی پنہاں ہے جو پاکستان کی اساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی شہ رگ کشمیر کو انڈیا کے خونی پنجے سے چھڑانا ہم سب پر فرض ہے۔ ہمیں اپنے عمل سے یہ بات ثابت کرنی ہے کہ پاکستان دنیا میں کشمیریوں کا وکیل ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.