تبدیلی کے ایجنڈے پرعملدرآمد کے حوالے سے کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا،عثمان بردار

56

لاہور(آئی این پی )وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تبدیلی کے ایجنڈے پرعملدرآمد کے حوالے سے کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا،عوام کو صحت، تعلیم اور صاف پانی کی فراہمی کے شعبوں میں بہتری دکھائی دے گی ،ہمارے عملی اقدامات سے تبدیلی سب کو نظر آئے گی، عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھی جا چکی ہے، وزیر اعظم کے وژن پر عمل پیرا ہو کر ملک و قوم کی تقدیربدلیں گے، کے پی کے ماڈل کی طرز پرپنجاب پولیس کو ہر قسم کے دباؤ سے آزاد کریں گے،پسماندہ علاقوں کے حالات بدلیں گے۔جمعہ کو وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے ملاقات کی ، جس میں ملکی صورت حال اورپارلیمانی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیر اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر سردار عثمان بزدار کو مبارکباد دی اوران کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر سینیٹر ایوب خان آفریدی بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی منزل کے حصول کا سفر شروع ہو چکا ہے اورنئے پاکستان کی بنیاد رکھی جا چکی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن پر عمل پیرا ہو کر ملک و قوم کی تقدیربدلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے خواب کی حقیقی تعبیر کیلیے دن رات کا م کر رہے ہیں۔ملک وقوم کی ترقی اورنئے پاکستان کی تعمیر کی جدوجہد میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں اصلاحات پاکستان تحریک انصاف کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا وژن ہے کہ تبدیلی کے اثرات ہر شعبے پر مرتب ہوں تبدیلی کے ایجنڈے پرعملدرآمد کے حوالے سے کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا اورہمارے عملی اقدامات سے تبدیلی سب کو نظر آئے گی۔عوام کو بہت جلد صحت، تعلیم اور صاف پانی کی فراہمی کے شعبوں میں بہتری دکھائی دے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت پنجاب وزیراعظم کے 100روزہ ایجنڈے کی تکمیل کیلیے سرگرم عمل ہیں۔ پنجاب 100روزہ ایجنڈے پر عملدرآمدکے سلسلے میں رول ماڈل بنے گا۔100روزہ پلان کے 15 نکات پر عملدرآمد کیلیے کمیٹیاں کام کررہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کے پی کے ماڈل کی طرز پرپنجاب پولیس کو ہر قسم کے دباؤ سے آزاد کریں گے اورصوبہ بھر میں درخت لگا کر نئی نسل کو محفوظ ماحول دیں گے۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف وومن ڈیولپمنٹ کے انقلابی پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ باتیں بنانے کا وقت گزر گیا، اب کام کرکے دکھانے کا دور ہے۔انہوں نے کہاکہ عام شہری کو ریلیف دیں گے اورپسماندہ علاقوں کے حالات بدلیں گے ۔انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کی عزت بڑھانا اور قومی ایشوز کو پارلیمان میں زیر بحث لانا تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ ذمے داری ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ