کلثوم نواز سپردخاک ، نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

239
لاہور: نواز شریف کی اہلیہ کلثوم کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد شریک ہیں‘ چھوٹی تصویر میں مولانا طارق جمیل امامت کرارہے ہیں
لاہور: نواز شریف کی اہلیہ کلثوم کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد شریک ہیں‘ چھوٹی تصویر میں مولانا طارق جمیل امامت کرارہے ہیں

لاہور/ پشاور (نمائندہ جسارت/آن لائن) سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نوازکو جاتی امراء میں میاں شریف کے پہلو میں سپردخاک کردیا گیا۔ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے کلثوم نوازکی نمازجنازہ شام 5بجے شریف میڈیکل سٹی کے فٹبال گراؤنڈ میں پڑھائی، نماز جنازہ میں سیاسی سماجی، حکومتی شخصیات سمیت ہزاروں لیگی کارکنان نے شرکت کی تاہم نوازشریف کے دونوں صاحبزادے نہیں تھے۔ اس موقع پرن لیگ کارکنان پرسوگ کا عالم طاری تھا۔ بعض مواقع پررقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے ۔ نماز جنازہ میں چےئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی،یوسف رضا
گیلانی ، راجا پرویزاشرف ، سید خورشید شاہ ، قمر زمان کائرہ ،ا سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی ، سابق گورنر خیبر پختونخواہ سردار مہتاب احمد خان ، قلیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، ڈپٹی سپیکر قاسم ، میاں نواز شریف ، شہباز شریف ، اور شریف فیملی کے افراد ، اے این پی کے غلام احمدبلور ، ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی بھی موجود تھے۔ کلثوم نواز کی نماز جنازہ سے کچھ دیر قبل میت کو آخری دیدار کے لیے ان کی رہائش گاہ لایا گیا تھا، جس کے بعد نماز جنازہ کے لیے جنازہ گاہ پہنچا دیا گیا تھا، جہاں ایک حصہ خواتین کے لیے بھی مختص کیا گیا تھا۔کلثوم نواز کی نماز جنازہ اور تدفین کے سلسلے میں جاتی امرا اور شریف میڈیکل سٹی کے اطراف سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے جبکہ ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھے۔بیگم کلثوم نواز کے جسد خاکی کو صبح پونے 7بجے کے قریب پی آئی اے کی پرواز میں لاہور پہنچایا گیا تھا، جہاں حمزہ شہباز نے ائرپورٹ سے میت کو وصول کیا تھا، جس کے بعد ایمبولینس کے ذریعے جسد خاکی کو شریف میڈیکل سٹی کے سرد خانے منتقل کردیا گیا تھا۔قبل ازیں مولانا طارق جمیل بھی بھیڑ کی وجہ سے جاتی امرا میں داخل نہ ہوسکے تھے، تاہم بعدازاں انہیں متبادل راستے سے رہائش گاہ کے اندر لے جایا گیا تھا۔مرحومہ کی رسم قل کل بروز اتوار 16ستمبر کو بعد از نماز عصر تا مغرب ہوگی ۔ادھر پشاور ہائی کورٹ میں کلثوم نواز کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی گئی، جس میں وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ