تربیلا توسیعی منصوبہ: دوسرے یونٹ سے دوبارہ پیداوار شروع

67

لاہور (نمائندہ جسارت) تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے کے دوسرے یونٹ نے بھی بجلی کی دوبارہ پیداوار شروع کر دی‘ واپڈا انجینئرز کی جانب سے گیٹس لفٹ کرنے کے بعد اِس یونٹ کو 300 میگاواٹ لوڈ پر چلایا جا رہا ہے اور پیدا ہونے والی بجلی نیشنل گرڈ کو مہیا کی جا رہی ہے۔ قبل ازیں اِس منصوبے کا پہلا یونٹ گزشتہ ہفتے بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع کر چکا ہے ‘ پہلا یونٹ 470 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا ہے‘ منصوبے کے گیٹس تربیلا ڈیم میں پانی کی انتہائی کم آمد، مٹی کی مقدار زیادہ آنے اور پن اسٹاک والو میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے پھنس گئے تھے، تاہم واپڈا کے انجینئرز نے انجینئرنگ کی بہترین تکنیک کو بروئے کار لاتے ہوئے پہلے یونٹ کے گیٹس کو گزشتہ ہفتے لفٹ کر لیا تھا۔ واپڈا ترجمان کے مطابق تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے کے دونوں یونٹ قومی نظام کو770 میگاواٹ بجلی فراہم کر رہے ہیں‘ تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے کا تیسرا یونٹ بھی مکمل ہے اور توقع ہے کہ اِس یونٹ سے بھی بجلی کی پیداوار اسی ماہ کے آخر تک شروع ہو جائے گی‘ تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ تربیلا ڈیم کے ٹنل نمبر 4 پر تعمیر کیا گیا ہے ، منصوبے کے3 پیداواری یونٹ ہیں‘ ہر ایک کی پیداواری صلاحیت 470 میگاواٹ ہے جبکہ منصوبے کی مجموعی پیداواری صلاحیت ایک ہزار410 میگاواٹ ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.