ڈیم فنڈز میں روزانہ 100 ملین روپے جمع ہو رہے ہیں

66

اسلام آباد(اے پی پی+صباح نیوز)دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کے لیے قائم کردہ وزیراعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان ڈیم فنڈ میں یومیہ اوسطاً 100 ملین روپے سے زائد کے عطیات موصول ہو رہے ہیں۔ عدالت عظمیٰ کی رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے جولائی 2018ء میں ڈیمز کی تعمیر کے لیے فنڈ قائم کیا تھا جس کے بعد 6 جولائی تا 31 جولائی 2018ء کے دوران اس مد میں 506.4 ملین روپے کے عطیات موصول ہوئے۔ اعدادوشمار کے مطابق اگست 2018ء کے دوران عطیات کی وصولیوں میں 709.4 ملین روپے کے اضافے سے یکم اگست تا 31 اگست 2018ء کے دوران فنڈ میں جمع کرائے گئے عطیات کا حجم 1215.8 ملین روپے تک بڑھ گیا۔ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی قوم اورخاصکر سمندرپار مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ فنڈ میں زیادہ سے زیادہ عطیات جمع کرائیں اور انہوں نے وزیراعظم اور چیف جسٹس ڈیمز فنڈ کو یکجا کرنے کا اعلان کیا۔ عدالت عظمیٰ کے اعدادوشمار کے مطابق وزیراعظم اور چیف جسٹس ڈیمز فنڈ کو یکجا کرنے کے بعد ستمبر 2018ء کے دوران عطیات کی وصولیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور یکم تا 11 ستمبر 2018ء صرف11روز کے دوران اس مد میں 1193.2 ملین روپے کے عطیات وصول ہوئے ہیں۔علاوہ ازیں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے دیامیر بھاشا ڈیم فنڈ میں مزید ایک لاکھ روپے بطور عطیہ جمع کرادیے ہیں۔ ترجمان عدالت عظمیٰ کے مطابق چیف جسٹس نے نجی ٹی و ی پروگرام کے دوران ایک لاکھ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیاتھا۔دوسری جانب عدالت عظمی کے قائم کردہ فنڈ میں اب تک 3 ارب 21 کروڑ 25لاکھ 37ہزار26 روپے فنڈ جمع ہوچکا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.