سی پیک پاکستان سمیت خطے کیلیے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے،گورنر

49

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل سے چین کے قونصل جنرل وانگ یو نے گورنر ہاؤ س میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک چین تجارتی تعاون ، صوبے میں سی پیک کے تحت منصوبوں پر پیش رفت، توانائی کے شعبے میں چینی سرمایہ کاری،مختلف شعبوں میں مزید تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاک چین دوستی آزمائش کی ہر گھڑی میں پوری اتری ہے کیونکہ دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاک چین دوستی حکومتوں کی تبدیلی او دیگر عوامل سے مشروط نہیں، یہی وجہ ہے کہ اس میں مسلسل مضبوطی
آرہی ہے جس کا ایک بڑا ثبوت سی پیک کا عظیم منصوبہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کی شکل میں پاک چین اقتصادی تعاون دنیا کے لیے ایک مثال ہے ، کیونکہ اس منصوبہ سے مختلف شعبوں کے انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ بیروزگاری کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک حقیقی معنوں میں پاکستان سمیت پورے خطے کے لیے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ اس کی تکمیل سے توانائی، شاہراہوں اور دیگر شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں واقع ہوں گی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں سے دونوں ممالک کی معیشت کو بے انتہا فائدہ ہوگا کیونکہ اس کے استعمال سے چین کو بھی اپنے درآمدی بجٹ میں کمی کرنے کا موقع ملے گا۔ چین کے قونصل جنرل نے گورنر سندھ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ کی رہنمائی میں صوبے میں سی پیک کے تحت منصوبوں کی جلد تکمیل میں مدد ملے گی۔
گورنرسندھ

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.