لندن میں کلثوم نواز کی نماز جنازہ‘ تدفین آج جاتی امرا میں ہوگی

83

لندن،لاہور (صباح نیوز)سابق خاتون اول سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی اسلامک کلچرل سینٹر ریجنٹ پارک مسجد لندن میں نماز جنازہ ادا کی گئی ،ن لیگ کے صدرشہباز شریف،سابق وزیر اعظم نوازشریف کے صاحبزادوں حسن نواز، حسین نواز، سابق وزیر داخلہ چودھری نثار،سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، سابق وزیر اعلی بلوچستان ثنا اللہ زہری ،سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید،پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام، لیگی کارکنوں کے علاوہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ امام شیخ خلیفہ عزت نے نماز جنازہ پڑھائی۔بیگم کلثوم نواز کی میت جمعہ کی صبح 6 بجے لاہور ائرپورٹ پہنچے گی، شہباز شریف، بیٹی اسما، پوتا زکریا اور ن لیگ کے کارکنان میت کے ساتھ لاہور آئیں گے۔جمعہ کو شام 5بجے جاتی امرا سے ملحق شریف میڈیکل سٹی میں ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نماز جنازہ پڑھائیں گے۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد کلثوم نواز کی تدفین جاتی امرا میں ان کے سسر میاں شریف اور دیور عباس شریف کی قبروں کے قریب کی جائے گی۔5 روزکی پیرول پررہائی کے بعد میاں نواز شریف مریم نواز اور ان سے داماد ر کیپٹن صفدر تمام تر رسومات ادا کرسکیں گے۔ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پہلے ہی پے رول پر رہا ہوکر جاتی امرا میں موجود ہیں۔ دوسری جانب سابق وزیر اعظم اور ن لیگ کے تاحیات قائد نواز شریف نے پیرول پر رہائی کے بعد جاتی امرا سے ملحق شریف میڈیکل سٹی کا دورہ کیا اور جنازہ گاہ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ نواز شریف نے پیرول پر موجود اپنے داماد کیپٹن (ر)صفدر، جنید صفدر اور سلیمان شہباز کے ہمراہ سخت سیکورٹی حصار میں جنازہ گاہ دورہ کیا۔نواز شریف نے ہدایت کی کہ نماز جنازہ کے انتظامات ٹھیک ہونے چاہئیں اور کسی کو جنازہ گاہ میں کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔اس موقع پر شہریوں نے نواز شریف اور دیگر لیگی رہنماؤں سے شریف میڈیکل سٹی میں ملاقات کی اور کلثوم نواز کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.