پہاڑ گنج وملحقہ علاقوں کو فوری پانی فراہم کیا جائے،حافظ نعیم کی ایم ڈی واٹر بورڈ سے ملاقات 

79
کراچی، مجلس عمل کے امیدوار حافظ نعیم الرحمن پانی کی قلت کے حوالے سے ایم ڈی واٹر بورڈ سے ملاقات کررہے ہیں
کراچی، مجلس عمل کے امیدوار حافظ نعیم الرحمن پانی کی قلت کے حوالے سے ایم ڈی واٹر بورڈ سے ملاقات کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صدر متحدہ مجلس عمل کراچی و حلقہ پی ایس 129کے نامزد ادمیدوار حافظ نعیم الرحمن نے جمعہ کے روز واٹر بورڈ کے ہیڈ آفس میں ایم ڈی واٹر بورڈ خالد محمود شیخ سے ملاقات کی اور پہاڑ گنج یوسی 20اورنارتھ ناظم آباد کے مختلف بلاکس اور نارتھ کراچی سیکٹر کے، 1،2،3 ،7ڈی میں پانی کی عدم فراہمی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ ملاقات میں جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ، قاضی صدر الدین ،پبلک ایڈ کمیٹی کے عمران شاہداور شہزاد مظہر ، پہاڑ گنج یوسی 20کے وائس
چیئرمین سلطان محمود ، سید شبیر کاکو اور دیگر بھی موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو بتایا کہ پہاڑ گنج کے عوام پانی کی عدم فراہمی کا شکار ہیں جس کے باعث پانی کے حصول کے لیے شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، چھوٹے چھوٹے بچے اور بچیاں ، مرد و خواتین بالٹیاں اور پانی کے گیلن اٹھاکر پانی تلاش کرتے رہتے ہیں،اسی طرح نارتھ کراچی سیکٹر کے 7,1 ڈی اور7,2 ڈی میں تو پانی پہنچ جاتا ہے لیکن 7,3 ڈی کے مکینوں کے لیے پانی کی فراہمی کا کوئی انتظام نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پانی انسان کی بنیادی ضرورت ہے جسے عوام کو فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے ۔ انہوں نے بتا یا کہ پہاڑ گنج کے عوام اورنارتھ کراچی کے مختلف علاقوں اور سیکٹر 7 ڈی میں شدید بے چینی واضطراب پایا جاتا ہے ، ہم واٹر بورڈ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ علاقہ مکینوں کو جلد از جلد اور ترجیحی بنیادوں پر پانی فراہم کرے اور پانی کی منصفانہ تقسیم کی جائے تاکہ عوام کا مسئلہ حل ہوسکے ۔سلطان محمود نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پہاڑ گنج کے عوام پانی کے لیے ترس رہے ہیں ان کے ساتھ پانی کی فراہمی میں ناانصافی کی جارہی ہے ۔ شہزاد مظہر نے بتایا کہ نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں اورسیکٹر 7ڈی میں پانی نہ ہونے کے باوجود علاقہ مکین پانی کے بل ادا کرتے ہیں جبکہ نارتھ کراچی کے سیکٹر 7,3ڈی کے علاقہ مکینوں کو وال مینوں کی زیادتی اور غیرمنصفانہ تقسیم کے باعث پانی نہیں مل رہا ۔ ایم ڈی واٹر بورڈ خالد محمود شیخ نے حافظ نعیم الرحمن سے کہا کہ شہرمیں اس وقت پانی کا شدید بحران ہے اس کے باوجود ہم پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں ۔جن علاقوں کی آپ نے نشاندہی کی ہے ان علاقوں میں جلد از جلد اور ترجیحی بنیادوں پر پانی کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.