مفادات کی سیاست نے ملک کا براحال کردیا‘ پروفیسر حافظ سعید 

63

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مفادات کی سیاست نے پاکستان کو شدید نقصانات سے دوچار کیا ہے۔ملک میں انتشار و افتراق پھیلانا غیر ملکی قوتوں کا ایجنڈا ہے۔ ملی مسلم لیگ پارٹی بازی کے بجائے وطن عزیز میں اتحادویکجہتی کی سیاست کرے گی۔ فرقہ واریت کے ناسور کو ختم کرنا ہو گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب اوربعد
ازاں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سیاست کی اصلاح چاہتے ہیں،نظریہ پاکستان اور خدمت انسانیت کی بنیاد پر میدان سیاست میں قدم رکھا۔ ملک بھر میں ملی مسلم لیگ کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ ا نہوں نے کہا کہ مسلمان ملکوں میں سازش کے تحت سیکولرازم اور لبرل ازم کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔مسلمان اپنے مسائل حل کرنے کے لیے بیرونی قوتوں کی طرف دیکھنا چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہاکہ وطن عزیز لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے حاصل کیا گیا۔ہمیں اس ملک میں وہی نظام نافذ کرنا ہے جو اللہ کے رسولؐ نے مدینہ میں کیا تھا۔ اگر حکمران قرآن و سنت کے مطابق فیصلے کرنے والا ہو گاتو حکومتی امور میں غلطیوں سے بچتا رہے گا۔ قوم کے وسائل لوٹنے اور کرپشن کرنے والے حکمران کبھی جرأتمندانہ فیصلے نہیں کر سکتے۔بیرونی قوتوں کی خوشنودی کے لیے نظریہ پاکستان کے نام پر سیاست کرنے والوں کی راہ میں بھی رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ۔تکمیل پاکستان کی جنگ لڑنے والے کشمیریوں کی بھرپور مددوحمایت کی ضرورت ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ