اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کیلئے انٹرپول کو درخواست

139

سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کی واپسی سے متعلق کیس میں آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 2 ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔ ہفتہ کو

سپریم کورٹ میں اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔ اٹارنی جنرل نےعدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کیلئے ایف آئی اے نے انٹر پول کو درخواست دے دی ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا اسحاق ڈار کا پاسپورٹ منسوخ کیا گیا ہے؟ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ پاسپورٹ منسوخی کا آپشن زیر غور آیا تھا۔ پاسپورٹ منسوخ کیا تو واپس نہ آنے کا جواز بن جائے گا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ کب تک جاری ہو جائیں گے؟ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ حتمی فیصلہ انٹرپول نے کرنا ہے۔ جسٹس سردار طارق نے استفسار کیا کہ کیا اسحاق ڈار کی جائیداد ضبطگی سے متعلق کارروائی کی گئی ہے؟ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ جائیداد کی تفصیلات ریڈ وارنٹ کے ساتھ انٹرپول کو بھجوا دی گئی ہیں۔

جسٹس اعجاز الحسن نے کہا کہ ایف آئی اے انٹرپول سے رابطے میں رہے۔ سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کی وپسی سے متعلق کیس کی سماعت 2 ہفتے کیلئے ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش رفت کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ