پنجاب:مختلف واقعات میں بچے سمیت 9 افراد قتل

45

لاہور/ اٹک(نمائندہ جسارت / صباح نیوز) گلبرگ کے علاقے میں میاں بیوی بچے سمیت قتل جبکہ پنجاب کے ضلع اٹک کی تحصیل حضرو میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے گلبرگ میں ایک مکان سے میاں بیوی اور بچے کی لاشیں ملیں جن کی شناخت ندیم بٹ، اہلیہ نیلم بٹ اور فائق کے نا م سے ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول ندیم کی بہن نے بتایا کہ وہ 2 روز سے اپنے بھائی کے گھر فون کررہی تھی لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہورہا تھا، جب وہ ان کے گھر پہنچی تو بالائی منزل پر تینوں کی لاشیں موجود تھیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں
کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تینوں مقتولین کے جسم پر کسی قسم کا کوئی نشان نہیں جس سے اس بات کا امکان ظاہر ہوتا ہے کہ قاتل کوئی قریبی بھی ہوسکتا ہے جس نے سر پر حملہ کرکے تینوں کو قتل کیا۔ واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ ایک دوسرے واقعے میں پنجاب کے ضلع اٹک کی تحصیل حضرو میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔قتل کا لرزہ خیز واقعہ تحصیل حضرو کے گاؤں جتیال میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق گھر سے 6 لاشیں ملیں جنہیں نامعلوم افراد نے قتل کیا، جبکہ مقتولین کو ہاتھ پاؤں باندھ کر گولیاں ماری گئیں۔مقتولین میں گھر کا سربراہ وسیم، ان کی2 بیگمات اور3بچے شامل ہیں۔پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول خاندان کا تعلق کراچی سے تھا جو حضرو میں رہائش پذیر تھا۔لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی گئیں اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ